بھٹکل 10/اپریل (ایس او نیوز) پونے ۔ بنگلور نیشنل ہائی وے پر آج صبح پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 18مزدور ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ آج منگل صبح مہاراشٹرا کے ضلع ستارا میں پیش آیا جب مزدوروں سے بھری ایک ٹرک اُلٹ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرک پر 35 مزدور سفر کررہے تھے جس میں کئی ایک خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ سبھی مزدر وجئے پورا (بیجاپور) سے پونے جارہے تھے جہاں پہنچ کر اُنہیں مزدوری کرنی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ جملہ تین خاندانوں پر مشتمل یہ سبھی مزدور پونے کے شروال ایم آئی ڈی سی میں مزدوری کے لئے جارہے تھے کہ ستارا کے کھنڈالا حدود میں پونے۔ بنگلور نیشنل ہائی وے پر ان کی تیز رفتار ٹرک اُلٹ گئی۔
مرنے والوں کی شناخت مادھوی راتھوڈ، شنکر چاوان، سنتوش نائک، منگلا بائی، کرشنا پوار، کرن راتھوڈ، دیوا بائی راتھوڈ، پرینکا راتھوڈ، ویٹھل راتھوڈ ، اس کی بیوی کلّو بائی، دیوآنند راتھوڈ، سنگیتا راتھوڈ، آٹھارہ ماہ کا ایک بچہ تنویر راتھوڈ، شری کانت راتھوڈ، اس کا بھائی سینو، آرجن چاوان، محبوب عطار، اس کا بیٹا عبدالمجید کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ایک پولس آفسر نے اخبارنویسوں کو معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح قریب 5:30 بجے پیش آیا۔ سبھی مزدور ٹرک پر اس انداز میں بھرے ہوئے تھے کہ تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی۔ کمباٹکی گھاٹ کو کراس کرنے کے بعد آگے والی موڑ پر ٹرک بے قابو ہوکر تیز رفتاری کے ساتھ اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں 18 مزدوروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثے میں 15 مزدوروں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ آفسر نے بتایا کہ مرنے والوں میں ٹرک کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔