تنا شا قتل معاملے میں 11مجرم ٹھہرائے گئے، چھ کو عمر قید
ممبئی،30؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ایک خاص مکوکا عدالت نے انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کے ساتھی گینگسٹر فرید تناشا کے قتل کے جرم میں آج 11افراد کو قصوروار ٹھہرایا اور ان میں سے چھ کو عمر قید کی سزا سنائی۔ مکوکا جج ایس ایم بھوسلے نے چھ ملزمان کو دفعہ 302 (قتل)اور مہاراشٹر منظم جرائم کنٹرول قانون (مکوکا) کی دفعہ(1)کے تحت مجرم ٹھہرایا اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی۔باقی پانچ ملزمان کو منظم جرائم سنڈیکیٹ کا حصہ ہونے اور جرم میں تعاون کرنے کو لے کر مکوکا کی دفعہ 3(2)کے تحت مجرم ٹھہرایا گیا۔سرکاری وکیل راج ٹھاکرے نے بتایا کہ ان پانچوں کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔تناشا کا دو جون، 2010 مضافاتی علاقے تلک نگر میں اس کے گھر پر ہی گولی مار کر قتل کر دیاگیاتھا۔استغاثہ نے دعوی کیا تھا کہ حریف گینگسٹر بھرت نیپالی نے تناشا کے قتل کا حکم دیا تھا۔جن چھ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے وہ ظفر خان، محمد ثاقب خان، روی پرکاش سنگھ، پنکج سنگھ، رندھیر سنگھ اور محمد رفیق شیخ ہیں۔پانچ سال کی قید کی سزا پانے والے مجرم رویندر واریرکر، وشوناتھ شیٹی، دتاتریہ بھاکرے، راجندر چوہان اور دنیش بھنڈاری ہیں۔