ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار بحری اڈے کے قریب بس کے نیچے کچل کر مزدور کی موت - معاوضے کے مطالبے کے ساتھ مزدوروں نے کی ہڑتال

کاروار بحری اڈے کے قریب بس کے نیچے کچل کر مزدور کی موت - معاوضے کے مطالبے کے ساتھ مزدوروں نے کی ہڑتال

Fri, 07 Feb 2025 21:50:16    S O News
کاروار بحری اڈے کے قریب بس کے نیچے کچل کر مزدور کی موت - معاوضے کے مطالبے کے ساتھ  مزدوروں نے کی ہڑتال

کاروار 7 / فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے سنکرو باغ علاقے میں بحری اڈے کی گیٹ کے پاس مزدروں کو لے جانے والی پرائیویٹ بس کے ٹائر کے نیچے کچل کر ایک مزدور کی موت واقع ہوگئی جس کے بعد بیرون ریاست کے مزدوروں نے فوری معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کر دی۔

بتایا جاتا ہے کہ بحری اڈے پر رات کے وقت کام ختم ہونے کے بعد مزدوروں کو واپس لے جانے والی بس میں سوار ہونے کے دوران مغربی بنگال کا جسٹی دشرتھ منڈل (26) نامی مزدور کا توازن بگڑ گیا اور نیچے گرپڑا اور گرتے ہی ٹائر کے نیچے دبنے کی وجہ سے موقع پر ہی فوت ہو گیا۔ اس کی لاش اسپتال کے مردہ گھر میں پہنچائی گئی۔ 

karwar-accident-protest

معلوم ہو اہے کہ مہلوک جسٹی دشرتھ منڈل کے کچھ دیگر رشتے دار بھی بحری اڈے پر ملازمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مردہ گھر سے لاش واپس لینے سے قبل فوری طور پر 10 لاکھ روپے معاوضے کا  مطالبہ کیا ۔ اسی کےساتھ بیرون ریاست کے دیگر مزدور بھی ان کے مطالبے اور ضد میں شامل ہوگئے اور بحری اڈے کی گیٹ کے پاس سیکڑوں کی تعداد میں  مزدور جمع ہوگئے اور دیر رات سے صبح تک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ مزدوروں کی جان کی کوئی قیمت نہ ہونے اور ان کے ساتھ ناانصافی کی بات کہتے ہوئے بیرون ریاست کے مزدوروں نے کام بند کرکے احتجاج کیا۔

اس موقع پر کمپنی کے منیجر نے مزدور کی لاش ہوائی جہاز سے اس کے آبائی گاوں بھیجنے اور لیبر قوانین کے مطابق اسے ملنے والا دس لاکھ روپوں کا معاوضہ اور دیگر اخراجات وغیرہ ادا کرنے کا تیقن دیا، مگر ہڑتالی مزدور فوری معاوضے کے مطالبے پر بضد رہے ۔ مزدور لیڈروں اور پولیس افسران کی مداخلت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش بھی ناکام ہوئی ۔ بالآخر کمپنی کے منیجر نے فوری معاوضے کے طور پر پانچ لاکھ روپے نقد ادا کرنے کا یقین دلایا جس کے بعد ہڑتال ختم کر دی گئی ۔ 


Share: