ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں فضائی آلودگی اور سردی کی دوہری مار، کئی علاقوں میں اے کیو آئی 327، شمالی ہندوستان میں گھنے کہرے کی وارننگ جاری

دہلی میں فضائی آلودگی اور سردی کی دوہری مار، کئی علاقوں میں اے کیو آئی 327، شمالی ہندوستان میں گھنے کہرے کی وارننگ جاری

Wed, 25 Nov 2026 11:15:42    S O News

نئی دہلی  ، 25/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجدھانی دہلی پر موسم کی دوہری مار پڑ رہی ہے۔ ایک طرف فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس لینا دشوار ہو رہا ہے تو دوسری جانب دہلی میں سردی بھی بڑھنے لگی ہے۔ جس کے پیش نظر بزرگوں اور بچوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور بڑوں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق اگلے چند دنوں تک شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے والا ہے۔ حالانکہ صبح اور رات کے درجۂ حرارت میں کمی کے ساتھ ٹھنڈ بڑھ سکتی ہے۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال مختلف علاقوں میں الگ الگ ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق آنند وہار علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 327 درج کیا گیا ہے، جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ وہیں اکشر دھام مندر کے آس پاس بھی اے کیو آئی 327 درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ انڈیا گیٹ اور کرتویہ پتھ کے آس پاس آلودگی سے کچھ راحت ہے۔ یہاں اے کیو آئی 161 درج کیا گیا ہے، جو درمیانے زمرے میں آتا ہے۔

دوسری جانب شمالی ہندوستان میں سردی آہستہ آہستہ اپنا اثر دکھانے لگی ہے۔ دہلی-این سی آر، ہریانہ، پنجاب اور مغربی اتر پردیش میں صبح کے وقت دھند اور کہرا رہنے لگا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے دہلی، ہریانہ اور چنڈی گڑھ میں 26 اور 27 نومبر کو گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ وہیں پنجاب میں 25 سے 27 نومبر تک گھنے کہرے کا امکان ہے۔ ایسے میں صبح کے وقت سفر کرنے والے لوگوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔25  نومبر کو دہلی-این سی آر میں آسمان زیادہ تر صاف رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت کچھ علاقوں میں ہلکی دھند اور ہلکا کہرا رہ سکتا ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجۂ حرارت 9 سے 11 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ گروگرام میں بھی آج موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔ دن میں درجۂ حرارت تقریباً 25 ڈگری اور رات کا درجۂ حرارت 11 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ فی الحال دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فریدآباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دہلی-این سی آر موسم کے لحاظ سے اگلے 2 دنوں تک اہم رہنے والا ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی ذیلی ڈویژن کی موسمی پیش گوئی میں دہلی، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے لیے 26 اور 27 نومبر کو گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ حالانکہ دہلی کی ضلعی سطح کی موسمی پیش گوئی میں صبح کے وقت بعض مقامات پر ہلکی دھند اور ہلکے کہرے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس لیے مختلف علاقوں میں کہرے کی شدت الگ الگ ہو سکتی ہے۔27  اور 28 نومبر کو دہلی کا کم از کم درجۂ حرارت 8 سے 10 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔

راجستھان کے موسم میں کسی بڑی تبدیلی اور بڑے پیمانے پر بارش کا امکان نہیں ہے۔ ہماچل پردیش میں 26 نومبر تک بعض علاقوں میں گھنے کہرے کا امکان ہے، اور اتراکھنڈ میں فی الحال بڑے پیمانے پر بارش کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ آئی ایم ڈی کی 7 روزہ پیش گوئی کے مطابق 25 سے 30 نومبر کے دوران شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہ سکتا ہے۔ جنوبی ہندوستان کی کچھ ریاستوں تمل ناڈو، کیرالہ اور آس پاس کے علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت گھنا کہرا چھانے سے دہلی-این سی آر اور شمالی ہندوستان کی اہم شاہراہوں پر حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بعض مقامات پر ریل اور فضائی خدمات کی آمد و رفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمۂ موسمیات نے گاڑی چلانے والوں کو فوگ لائٹس کا استعمال کرنے، محدود رفتار سے گاڑی چلانے اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔


Share: