کاروار، 26 /جولائی (ایس او نیوز):اترکنڑا ضلع میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (2026) کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلع انتخابی افسر و ڈپٹی کمشنر لکشمی پریانے بتایا کہ ضلع میں کل 12,30,037رجسٹرڈ ووٹر ہیں اور تمام ووٹروں میں اینیومریشن فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اب تک10,88,604 فارموں کو ڈیجیٹلائز (کمپیوٹرائز) کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گھر گھر سروے کے دوران 70,052ووٹروں کے اندراجات میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ ان میں 24,043 ووٹر مستقل طور پر دوسرے مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، 36,068ووٹروں کی وفات کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 7,876دوہری اندراجات سامنے آئی ہیں۔
اسی دوران ضلع کے مختلف اسمبلی حلقوں میں بھی نظرثانی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کاروار اسمبلی حلقہ میں کل 2,23,390 رجسٹرڈ ووٹر ہیں اور تمام ووٹروں میں اینیومریشن فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اب تک 1,92,850 فارم کمپیوٹرائز کیے جا چکے ہیں۔ گھر گھر جانچ کے دوران 16,563 ووٹروں کے اندراجات میں تبدیلی یا بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، جن میں 5,533 مستقل ہجرت کر چکے ہیں، 7,639ووٹروں کی وفات ہو چکی ہے، جبکہ 2,750 دوہری اندراجات پائی گئی ہیں۔
کمٹہ اسمبلی حلقہ میں کل 1,92,055 ووٹر ہیں اور تمام ووٹروں کو اینیومریشن فارم فراہم کیے جا چکے ہیں۔ یہاں اب تک 1,76,734فارم ڈیجیٹلائز کیے جا چکے ہیں۔ گھر گھر سروے کے دوران 14,804معاملات سامنے آئے، جن میں 5,993ووٹر مستقل طور پر منتقل ہو چکے ہیں، 7,180 ووٹروں کی وفات کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 1,021 دوہری اندراجات کا پتہ چلا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور درست، شفاف اور تازہ ترین انتخابی فہرست کی تیاری کے لیے تمام اینیومریشن فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن اور جانچ کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔