اگلے 20دنوں میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی، ایڈی یورپا کو عہدہ سے ہٹادیا جائے گا؟
بنگلورو،29؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کانگریس لیڈر سدارامیا نے آج دعویٰ کیا ہے کہ ان کے حساب سے اگلے پندرہ بیس دنوں میں وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کو عہدہ سے ہٹادیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں اسمبلی انتخابات مکمل ہوتے ہی ایڈی یورپا کو وزیراعلیٰ کے عہدہ سے ہٹادیاجائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجھے جو اطلاع ملی ہے اس حساب سے ریاست میں اگلے پندرہ بیس دنوں میں بی جے پی قیادت میں تبدیلی ضرور ہوگی۔
اس سے قبل بھی بی جے پی رکن اسمبلی بسون گوڈا پاٹل یتنال نے بھی یہ کہا تھا کہ ایڈی یورپا زیادہ دنوں تک وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔ جس سے ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی تھی۔ جبکہ چند بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایڈی یورپا مزید تین سال اس ریاست کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔
اب سدارامیا نے ایڈی یورپا سے متعلق پیش گوئی کی ہے تو ایک بار پھر ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔سدارامیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگلے پندرہ بیس دنوں کے بعد بی جے پی اقتدار پر رہے گی یانہیں، اس پر بھی شبہ ہے۔