بھٹکل میں پانی کی شدید قلت؛ ندی، نالے، کنویں پانی سے خالی؛ میونسپالٹی کی طرف سے بھی پانی سپلائی متاثر؛ پانی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کی ہدایت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 7th May 2019, 6:01 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 7/مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں شدید گرمی کے بعد اب پانی کا مسئلہ سنگین رُخ اختیار کرگیا ہے۔ اوپری علاقوں کے لوگ گذشتہ ایک مہینہ سے پانی کی قلت کو لے کر پریشان تھے، جن مکانوں میں میونسپالٹی یا پنچایت کی طرف سے پانی سپلائی نہیں ہورہا ہے، وہاں   ٹینکوں کے ذریعے پانی سپلائی کیا جارہا ہے،  مگر اب  نشیبی علاقوں میں رہنے والے  اکثر  مکینوں کے لئے بھی  پانی کا سنگین مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے، ایک طرف کنویں سوکھ  گئے ہیں، ندیاں، جھیل اور جھرنوں میں پانی نہیں ہے تو وہیں کڑوین کٹہ ڈیم سوکھ جانے کے نتیجے میں میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کی طرف سے بھی پانی پر کٹوتی کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھٹکل میونسپل چیف آفسر دیوراج نے  بتایا کہ کڈوین کٹہ ڈیم  تقریبا   سوکھ جانے کے نتیجے میں  میونسپالٹی کی جانب سے گھر گھر سپلائی کئے جانے والے پانی میں کٹوتی کی گئی ہے جس کے ساتھ ہی اب روزانہ پانی سپلائی نہیں کیا جارہا ہے   بلکہ ایک دن ناغہ کرکے دوسرے  دن پانی سپلائی  کرنے پر مجبور ہیں ۔

میونسپالٹی ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کڈوین کٹہ ڈیم میں پانی کی شدید قلت  کو دیکھتے ہوئے  سمجھا جارہا ہے کہ اگلے دس دنوں تک ہی ڈیم کا پانی استعمال کیا جاسکے گا  اُس کے بعد میونسپالٹی اور پنچایت  کی جانب سے  پانی سپلائی مکمل بند کرنا پڑے گا۔ایسے میں  حکام نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ پانی کو سوچ سمجھ کر استعمال کریں، گاڑیوں کو دھونے اور درختوں میں ڈالنے کے لئے پانی کا استعمال بندکریں۔  جہاں ضرورت ہو، وہیں پانی استعمال کریں اور کوشش کریں کہ پانی ضائع نہ ہونے پائے۔

خیال رہے کہ بھٹکل میں اکثر مکانوں میں کنویں پائے جاتے ہیں  اور کنووں کا پانی ہی پینے کے لئے استعمال ہوتا ہے،اس کے ساتھ ہی اکثر مکانوں میں میونسپالٹی کے پانی کا کنکشن بھی ہے اور یہ پانی دیگر ضروریات کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، مگر اس بار کافی عرصہ کے بعد پہلی مرتبہ  نشیبی علاقوں میں بھی اکثر مکانوں کے   کنویں سوکھ گئے ہیں جس کے نتیجے میں بھٹکل کے رہائشی زیادہ تر  میونسپالٹی اور پنچایت کے ذریعے سپلائی کئے جانے والے پانی  پر ہی   منحصر ہیں، مگر اب میونسپالٹی اور پنچایت سے پانی کا سلسلہ بند ہوجانے کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں عوام کو سخت دشواری پیش آسکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھٹکل اور اطراف میں عام طور پر ماہ جون میں بارش شروع ہوتی ہے، البتہ اس بار شدت کی گرمی کو دیکھتے ہوئے وقت سے پہلے مانسون شروع ہونے کے آثار نظر آرہے ہیں،    ایسے میں پانی کی قلت کا مسئلہ بارش شروع ہونے کے ساتھ ہی حل ہونا ممکن  ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل کے شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ کا انوکھا ٹورنامنٹ؛ جمعرات کوہوگا فائنل

ادارہ ادب اطفال کی جانب سے بھٹکل میں گذشتہ دس روز سے جاری  شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ  جمعرات کو اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اس انوکھے ٹورنامنٹ میں  شبینہ مکاتب کی چالیس ٹیمیں شریک ہوئی  تھیں جس میں سے چار ٹیمیں مسجد رحمانیہ شراالی،  عثمانیہ مسجد نوائط کالونی، ...

بھٹکل ودھان سبھا حلقے میں ہوئی 76 فی صد پولنگ؛ کئی بوتھوں میں مسلم خواتین کی دیکھی گئی کافی لمبی قطاریں

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اور کرناٹک  کے دوسرے  اور آخری مرحلے میں  جن 14 سیٹوں کے لئے پولنگ ہوئی ان میں اتر کنڑا ضلع کا بھٹکل ودھان سبھا حلقہ بھی شامل تھا جہاں 76 فی صد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ بھٹکل اسمبلی حلقے کے شہری اور دیہی علاقوں میں موجود تمام پولنگ سینٹرس  پر ...