امریکہ کے ایران کے ساتھ پانچ باشندوں کی گرفتاری کے معاملے پر مذاکرات

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 22nd February 2021, 11:39 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن،22 فروری(آئی این ایس انڈیا)امریکہ نے ایران میں یرغمال بنائے جانے والے اپنے پانچ شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اتوار کو نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' نیوز کے پروگرام 'فیس دی نیشن' میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران حکومت نے امریکہ کے پانچ شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ صدر جو بائیڈن کی حکومت کی پہلی ترجیح امریکیوں کو محفوظ انداز میں وطن واپس لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہم نے امریکی شہریوں کو یرغمال بنانے کے معاملے پر تہران حکومت سے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔"

مشیر قومی سلامتی نے امریکی شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کو ایک "عظیم انسانی بحران" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "امریکیوں کو غیر منصفانہ اور غیرقانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کو برداشت نہیں کریں گے۔"

یاد رہے کہ ایران نے دہری شہریت رکھنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے رکھا ہے جن میں پانچ امریکی بھی شامل ہیں۔

حراست میں لیے جانے والے دہری شہریت کے حامل افراد میں سے بیش تر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جیک سلیوان نے واضح کیا کہ ایران سے مغویوں کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات کے دوران 2015 میں امریکہ کے ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے میں دوبارہ واپسی پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے پر دوبارہ بات چیت کے لیے ایران نے اب تک کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔

جیک سلیوان نے دعویٰ کیا کہ ایران سفارتی طور پر تنہا ہو چکا ہے نہ کہ امریکہ، اور اب بال ایران کے کورٹ میں ہے۔

دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ تہران پر عائد معاشی پابندیاں نہیں اٹھا لیتا اس وقت تک وہ جوہری معاہدے میں واپس نہیں آ سکتا۔

امریکہ کا مؤقف ہے کہ ایران کو پہلے 2015 کے جوہری معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی کو کم کرنا ہو گا۔

امریکہ کے صدر بائیڈن نے جمعے کو جرمنی کے شہر میونخ میں ہونے والی ورچوئل سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ جوہری معاہدے میں شامل ہونے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ "ہمیں معاہدے میں شفافیت لانے کے علاوہ اسٹرٹیجک غلط فہمیوں اور غلطیوں کو کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔"

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔