ڈاکٹر کُبیرپّا کے حق میں تشہیر کرنے پاٹل کا بھٹکل دورہ۔ کہا؛ جھوٹ کی بنیاد پر قائم بی جے پی حکومت اب عوام کا وشواس کھوچکی ہے
بھٹکل 24 اکتوبر (ایس او نیوز) جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں سے اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی حکومت اب عوام کا وشواس کھوچکی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں اب پورا یقین ہے کہ 12 سال کے لمبے وقفے کے بعد مغربی گریجویٹس حلقہ میں کانگریس اُمیدوار ڈاکٹر کُبیرپا کی جیت یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر ایچ کے پاٹل نے کیا۔
وہ یہاں بھٹکل میں ایم ایل سی انتخابات کے لئے کانگریسی اُمیدوار ڈاکٹرکُبیرپّا کے حق میں انتخابی تشہیر کرنے پہنچے تھے،سنیچر کو یہاں کے ایک پرائیویٹ ہوٹل میں کانگریسی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 28 نومبر کو منعقدہ انتخابات میں کانگریس کے سبھی ارکان میدان میں اُترکر کام کریں اور ڈاکٹر کبیرپا کی جیت کو یقینی بنائیں۔
بی جےپی پر زوردار حملہ کرتے ہوئے ایچ کے پاٹل نے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کئے گئے کئی ایک وعدوں کی یاد دلائی اور کہا کہ یہ حکومت صرف جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں سے اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، مگر اب عوام ان کے مکروفریب سے واقف ہوچکے ہیں، اس لئے اگلے انتخابات میں کانگریس کی جیت یقینی ہے۔
اس موقع پر کانگریس ضلعی صدر بھیمنّا نائک، سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا، قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز، بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک، اقلیتی مورچہ کے ضلعی صدر عبدالمجید، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر سمیت کافی دیگر لیڈران موجود تھے۔