افغانستان میں طالبان کے حملہ میں 14 افغان فوجی ہلاک،متعدد زخمی

Source: S.O. News Service | Published on 30th May 2020, 1:01 PM | عالمی خبریں |

کابل،30؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مشرقی افغانستان میں طالبان کے حملے میں 14 افغان فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ افغان حکام کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی سیز فائر کے سلسلے میں طالبان سے بات چیت کر رہے ہیں۔ طالبان نے پکتیا صوبے میں کیے گئے اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے اور اسے ایک دفاعی حملہ قرار دیا ہے البتہ انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ گزشتہ رات طالبانیوں نے حال ہی میں صوبہ پکتیا کے ضلع داندے پتن میں تعمیر دشمنوں کی چوکیوں پر حملے کیے، دشمن ان دنوں اپنی حکمرانی کو طالبان علاقوں میں توسیع دینے کے لئے کوشاں ہے۔ افغان حکام نے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے لیکن ضلع داندے پتن کے گورنر عید محمد احمدزئی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ حملے میں سیکورٹی فورسز کے 15 اہلکار اور 20 طالبان مارے گئے ہیں۔ افغانستان نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر آفس کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا کہ بے ترتیب جھڑپوں کے علاوہ عید کے تین دن بعد سیز فائر کا احترام کیا گیا جہاں اس سیز فائر کا خاتمہ منگل کو ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیز فائر ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں پرتشدد واقعات کی روک تھام کے لئے بہترین تعاون درکار ہوتا ہے اور ہم نے یہ کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ طالبان نے بدھ کو حکومت پر فضائی حملے کا الزام عائد کیا تھا جس میں کئی شہری ہلاک ہو گئے تھے البتہ حکومت کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف طالبانی تھے۔ دونوں فریقین ہی مکمل طور پر جنگ پر آمادہ نظر نہیں آتے اور چند اکا دکا جھڑپوں کے باوجود عیدالفطر پر شروع ہونے والا سیز فائر اب بھی جاری ہے۔ ادھر طالبان اور افغان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے گفتگو کے لئے طالبان کا 5 رکنی وفد کابل میں موجود ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 29 فروری کو امریکہ اور طالبان کے درمیان افغان امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کابل انتظامیہ اب تک 2 ہزار طالبان قیدی رہا کر چکی ہے جبکہ طالبان نے 347 قیدیوں کو رہا کیا ہے۔امن معاہدے کے تحت افغان حکومت نے 5 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنا ہے جبکہ طالبان ایک ہزار افغان فوجی اور پولیس اہلکاروں کو رہا کرنے کے پابند ہیں۔ اس معاہدے کے تحت امریکی فوجی واپس اپنے وطن لوٹ جائیں گے اور امریکہ کی تاریخ کی طویل ترین جنگ اختتام کو پہنچے گی۔

اس معاہدے میں طالبان اور افغان حکومت سے مذاکرات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ پرامن انداز میں مستقبل کا فیصلہ کیا جا سکے لیکن افغان صدر اشرف غنی اور ان کے سیاسی حریف عبداللہ عبداللہ کے درمیان جاری تنازع کے سبب مذاکراتی عمل تعطل کا شکار تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔