کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحان کرانے کیلئے سپریم کورٹ کی اجازت
بنگلورو، 18؍ جون (ایس او نیوز) کرناٹک میں دسویں جماعت کے ایس ایس ایل سی امتحانات منعقد کرنے سپریم کورٹ نے بھی اجازت دے دی ہے اور حکومت کرناٹک کو ہدایت دی گئی ہے کہ کووڈ۔19 وباء کے پیش نظر ریاست میں ان اہم امتحانات کے دوران تمام طرح کے احتیاطی انتظامات کے ساتھ مقررہ تاریخوں میں یہ امتحانات چلائے جائیں ۔
ایس ایس ایل سی امتحانات 25 ؍ جون تا 4 جولائی ریاست میں چلانے میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی ۔ ایس ایس ایل سی امتحانات منسوخ کرنے کے مطالبہ کے ساتھ بیگاوی مراٹھا منڈل ایجوکیشن سوسائٹی نے سپریم کورٹ میں رٹ عرضی داخل کی تھی۔
سپریم کورٹ نے اس مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ تمام احتیاطی سکیورٹی انتظامات کے ساتھ طلباء کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے طے شدہ تاریخوں میں ریاست میں امتحانات کروائے جائیں۔