روس اور یوکرین کے درمیان اناج ایکسپورٹ کا معاہدہ طے پاگیا

Source: S.O. News Service | Published on 24th July 2022, 12:28 PM | عالمی خبریں |

کییف؍ ماسکو ،24؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں کییف اور ماسکو نے جمعہ 22 جولائی کو ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد یوکرین کے اناج ایکسپورٹ کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ یہ سمجھوتہ دونوں باہم متحارب ملکوں کے درمیان پہلا بڑا معاہدہ ہے اور اس سے فوڈ سکیورٹی کی بدتر ہوتی حالت میں بہتری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو اور یوکرینی وزیر برائے انفراسٹرکچراولیکساندر کبراکوف نے ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کے ساتھ اس پر دستخط کیے۔

اس موقع پر گوٹریش نے کہا، ''آج بحیرہ اسود کے لیے ایک روشن دن ہے۔ یہ امید کی ایک کرن ہے۔ امکانات کی ایک کرن ہے۔ دنیا کے لیے راحت کی ایک کرن ہے جس کی پہلے کے مقابلے آج کہیں زیادہ ضرورت تھی۔‘‘

اس منصوبے کی تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئی ہیں جس پر ترکی اور اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش کئی مہینوں سے کام کر رہے تھے۔

سمجھا جاتا ہے کہ اس وقت یوکرین کے گوداموں میں جو 22 ملین ٹن کے قریب اناج موجود ہے اسے عالمی منڈی کے لیے فراہم کر دیا جائے گا۔ ترک صدر رجب طیب اردوآن نے کہا، ''آنے والے دنوں میں ہم دنیا کے مختلف ملکوں کے لیے بحیرہ اسود سے ایک نئی راہداری کا افتتاح کریں گے۔‘‘

گوٹیرش کا کہنا تھا کہ اناج کے ایکسپورٹ کا سلسلہ بحیرہ اسود میں تین بندرگاہوں اوڈیسا، چیرنو مورسک اور یوزینی سے دوبارہ شروع ہوجائے گا۔ روسی وزیر دفاع نے کہا، ''ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے اور روس بندرگاہوں کے کھول دیے جانے کا کوئی فائدہ نہیں اٹھائے گا۔‘‘

اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو امید ہے کہ اگلے چند ہفتوں کے دوران ہی اناج ایکسپورٹ کرنے کی سطح جنگ سے قبل کی سطح یعنی پانچ ملین ٹن ماہانہ تک پہنچ جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق فریقین اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ یوکرین جانے والے جہازوں کی پہلے تلاشی لی جائے گی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ اس پر کوئی ہتھیار یا فوجی آلات نہیں ہیں۔ یہ تلاشیاں یوکرین سے اناج لے کر روانہ ہونے والے ان جہازوں کی بھی لی جائیں گی، جو آبنائے باسفورس کے راستے دوسرے سمت میں جارہے ہوں گے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونی گوٹیرش نے اس معاہدے کے بارے میں کہا ہے کہ اس سے ان ترقی پذیر ملکوں کو راحت ملے گی جو بدحالی کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں اور جہاں کے عوام قحط کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ''اس سے اناج کی عالمی قیمتوں کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی جو جنگ سے پہلے ہی اپنی ریکارڈ اونچی سطح پر پہنچ گئی تھی۔‘‘

یورپی یونین نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا، ''یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی وجہ سے پیدا ہونے والے اناج کے حوالے سے عالمی سطح پر بے یقینی پر قابو پانے کی کوششوں میں یہ ایک اہم قدم ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ اسے کتنی تیزی اور ایمانداری سے نافذ کیا جاتا ہے۔

معاہدے کی تقریب میں موجود ترک صدر رجب طیب اردوآن کا کہنا تھا، ''ہم نے یوکرین اور روس کے ساتھ مل کر جو مشترکہ قدم اٹھایا ہے اس سے امن کا راستہ بحال ہونے کی امید ہے۔‘‘ امریکہ نے معاہدے کا محتاط انداز میں خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ واشنگٹن اس بات پر نگاہ رکھے گا کہ ماسکو معاہدوں کے شرائط پر کس طرح عمل کررہا ہے۔

یوکرینی صدر کے مشیر مائخیلو پوڈولیاک نے جمعے کے روز ایک ٹویٹ کر کے کہا کہ یوکرین روس کے ساتھ براہ راست معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا بلکہ ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ ''معاہدے کی نقل‘‘ پر دستخط کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی جہاز اناج سے لدے جہازوں کے ساتھ نہیں چلیں گے اور نہ ہی یوکرینی بندرگاہوں پر روس کی موجود گی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا، ''اگر جہازوں کی کسی طرح کی جانچ کی ضرورت ہوئی تو جانچ کا کام ترکی کے آبی حدود میں مشترکہ گروپوں کے ذریعے کی جائے گی۔‘‘

کییف نے اس بات کی بھی ضمانت طلب کی کہ روس معاہدے کے بعد تیار کی جانے والی جہاز رانی کی محفوظ راہداری کا استعمال اوڈیسا بندرگاہ پر حملے کے لیے نہیں کرے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔