بنگلورو کے فٹ بال اسٹیڈیم میں دن دہاڑے غنڈے کا قتل
بنگلورو،14؍ستمبر (ایس او نیوز)بنگلورو شہر کے فٹ بال اسٹیڈیم میں ایک غنڈے کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اتوار 12ستمبر کو اسٹیڈیم میں واقع ریفری کے کمرے میں یہ واردات ہوئی۔ مقتول کی شناخت 26 سالہ اروند عرف لی کی حیثیت سے ہوئی ہے جو باگلور لے آؤٹ کا رہائشی تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ ایک مقامی فٹ بال ٹیم میں شامل تھا اور کرناٹک فٹ بال اسوسی ایشن (کے ایس ایف اے) اسٹیڈیم کے سامنے واقع بروہت بنگلورو مہا نگر پالیکے (بی بی ایم پی میدان پر ایک ٹورنمنٹ کھیل رہا تھا۔ اس پر حملہ کیا گیا اور اس نے جائے واردات پر ہی دم توڑ دیا۔اس واقعہ کے بعد خواتین کا فٹ بال ٹورنمنٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔علاقائی پولیس تھانے میں قتل کا معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ اروند خود کو بچانے کے لئے بی بی ایم پی گراؤنڈسے فٹ بال اسٹیڈیم کی طرف دوڑااور اسٹانڈز میں چھپ گیا تھا۔ بعد ازاں اس نے قریب ہی واقع ریفری کے کمرے میں چھلانگ لگادی تھی۔تاہم حملہ آوروں نے دروازہ توڑ کر اس کی جان لے لی۔ اس سلسلہ میں پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ملزمین کی شناخت کرنے کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی جارہی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ اروند خود بھی ایک غنڈہ تھا اوراس کے خلاف کوششِ قتل کے دو معاملات سمیت 13مختلف پولیس تھانوں میں معاملات درج ہیں۔ گزشتہ مئی میں اسے بھارتی نگر پولیس نے غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا اور دو ماہ قبل ہی اس کی رہائی عمل میں آئی تھی۔ شبہ ہے کہ یہ قتل کسی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ اسی دوران کے ایس ایف اے کے سکریٹری ستیا نارائین نے بتایا کہ اروند کا فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون کھلاڑیوں کو محفوظ طریقہ سے ان کے مقامات کو بھیج دیا گیا۔