این آر سی دستاویزات کی تیاری میں اقلیتوں کی رہنمائی کرنے روشن بیگ نے اقلیتی کمیشن کے نئے چیرمین سے کیا مطالبہ
بنگلورو18اکتوبر(ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی ہدایت پر ریاستی حکومت کی طرف سے کرناٹک میں این آر سی نافذ کرنے کے لئے جو تیاری کی جا رہی ہے اس کے پیش نظر ریاستی اقلیتی کمیشن کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کودستاویزات کی تکمیل میں آسانی فراہم کرنے کے لئے فوری طور پر قدم اٹھانے چاہئے۔ کمیشن کی طرف سے مساجد کے ذمہ داروں سے رابطہ کر کے وہاں پر این آر سی میں ناموں کے اندراج کے لئے درکار دستاویزات کی تیاری کا انتظام کروانا چاہئے۔ یہ مشورہ سابق وزیر اور ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین روشن بیگ نے ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین عبدلعظیم کو دیا ہے۔
فلاحی اسکیموں خاص طور پر اسکالر شپ کے لئے درخواست دینے والے طلباء کے لئے کیاسٹ سرٹی فیکیٹ کے اجراء میں ہونے والی پریشانیوں کی شکایت اقلیتی کمیشن کے سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں تحصیلداروں کی طرف سے ا قلیتی طلباء کو کیاسٹ سرٹی فکیٹ جاری کرنے کے معاملے میں بے وجہ ہراسں کیا جار ہا اور ان سے وہ تمام دستاویزات مانگے جارہے ہیں جن کی کیاسٹ سرٹی فکیٹ کے لئے بالکل ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کمیشن کے چیرمین سے گزارش کی کہ ان شکایتوں کو دور کرنے کے لئے وہ فوراً انتظامیہ کو ضروری ہدایت جاری کریں۔
مسلم محلوں میں منشیات کے استعمال کے عام ہوجانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے لئے کمیشن کی طرف سے بیداری مہم چلائی جانی چاہئے۔ اس موقع پر کمیشن کے چیر مین عبدلعظیم نے کہا کہ مسلم محلوں میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے اس پر روک لگانے کے لئے کمیشن مقامی اداروں انجمنوں اور مساجد کے ذمہ داروں کے اشتراک سے بیداری مہم چلانے کے لئے تیاری میں مصروف ہے۔