شیو کمار کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال، احتجاجی مظاہرہ
میسور، 30؍مارچ (ایس او نیوز؍نامہ نگار) سیکس سی ڈی معاملے میں ملوث سابق ریاستی وزیر و بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائد رمیش جارکی ہولی کی جانب سے کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے خلاف آج میسور سٹی کانگریس اور میسور ضلع کانگریس کی جانب سے ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع کانگریس بھون کے قریب رمیش جارکی ہولی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی کانگریسی اراکین نے رمیش جارکی ہولی کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ رمیش جارکی ہولی کو رکن اسمبلی کے عہدے سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ رمیش جارکی ہولی کو فوراً گرفتارکیا جائے اور ڈی کے شیوکمار کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے اور ڈی کے شی کی بے عزتی کرنے پر رمیش جارکی ہولی کے خلاف ایک علاحدہ مقدمہ دائر کیا جائے۔
بی جے پی پر الزامات لگاتے ہوئے احتجاجی کانگریس اراکین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ڈی کے شیوکمار کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔اور اگر رمیش جارکی ہولی یم یل اے کے عہدے سے مستعفی نہیں ہوئے تو احتجاج میں مزید تیزی لائی جائیگی۔
میسور کے سابق رکن اسمبلی واسو، ذو اتھارتی آف کرناٹکا کی سابق چیر پرسن ملیگے ویریش، سابق مئیر ٹی بی چکنا، پشپا لتا چکنا، میسور ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر وجئے کمار اور دوسرے کانگریسی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔