کمارا سوامی بلیک میلنگ کے بادشاہ، سیکس ویڈیوز گشت کروانے کے پیچھے جے ڈی ایس لیڈر کا ہاتھ: ڈی کے شیوکمار
بنگلورو، 9/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے الزام عائد کیا کہ ہاسن کے ایم پی پرجول ریونا سے متعلق فحش ویڈیوز کو گشت کروانے کے پیچھے جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کماراسوامی کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے انہیں ”بلیک میلنگ کا بادشاہ“ اور”کہانی کا مرکزی کردار، ہدایت کار اور فلمساز قرار دیا۔“ شیوکمار جو کانگریس کے ریاستی صدر بھی ہیں کماراسوامی کے انہیں (شیوکمار) کابینہ سے برطرف کرنے کے مطالبہ اور انہیں مبینہ سیکس ویڈیوز کی گشت کے ”اصل سازشی“ قرار دینے پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔
کماراسوامی کے بھتیجے 33سالہ جے ڈی ایس ایم پی جنسی استحصال کے الزامات کاسامنا کررہے ہیں۔ اس اسکینڈل نے سیاسی طوفان پیدا کردیا اور حکمراں کانگریس اور بی جے پی۔ جے ڈی ایس اتحاد کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔
جہاں کانگریس نے کیسس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی وہیں، این ڈی اے کی حلیف جماعتیں بی جے پی اور جے ڈی ایس نے یہ کیس سی بی آئی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیوکمار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کماراسوامی پین ڈرائیو (سیکس ویڈیو کلپس پر مشتمل) معاملے سے پوری طرح واقف ہیں۔
ایک وکیل (دیوراجے گوڑا) اور دیگر یہ بات کررہے ہیں۔کمارانا (کماراسوامی) میرا استعفیٰ چاہتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ووکالیگا قیادت کے لیے مسابقت ہے۔ مجھے استعفیٰ دینے دیں جیسا کہ وہ چاہتے ہیں۔“ یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یکے بعد دیگرے سیاسی طور پر ختم کرنا، ان کا کام ہے۔ وہ بلیک میلنگ کے راجہ ہیں۔ وہ عہدیداروں سیاستدانوں سب کو دھمکارہے ہیں۔
ان کے پاس اور کام بھی کیا ہے؟ انہیں کرنے دیں۔ اس سب پر بحث کرنے کے لیے وقت ہے۔ اسمبلی میں اس پر بحث کرتے ہیں۔“ کماراسوامی نے کہا کہ سیکس ویڈیوز کیس میں ان کا اوران کے والد ایچ ڈی دیوے گوڑا کا نام نہیں لیا جانا چاہیے کیو ں کہ ریونا کا خاندان الگ ہے۔
اس پر شیوکمار نے سوال کیا تو پھر وہ(کماراسوامی) اس معاملے پر پریشان کیوں ہیں جس کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے؟ یہ بات پہلے ہی کہہ کر کہ قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے اور خاطی کو سزا دی جائے، اب وہ کیوں بول رہے ہیں؟ وہ فیصلہ کرنے والے وکیل ہیں یا جج؟ وہ عدالت جائیں اور نکتہ بہ نکتہ بحث کریں۔
انہوں نے ایس آئی ٹی کو شیوکمار تحقیقاتی ٹیم اور سدارامیا تحقیقاتی ٹیم اور سرجے والا تحقیقاتی ٹیم قرار دیا۔ وہ کہانی کے مرکزی کردار، ہدایت کار اور فلمساز ہیں۔ سب کچھ وہی ہیں۔ وہ جانتے ہیں وہ کیا ہیں۔
“ان الزامات پر کہ پین ڈرائیو کو گشت کروانے کے پیچھے کانگریس ہے، شیوکمار نے کہا کہ کماراسوامی‘ یہ بی جے پی سے کروارہی ہے، ہر چیز کے پیچھے وہی ہیں۔ تحقیقات ہونے دیں۔“
انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر بات کرنے والوں میں اگر ذرا بھی شرم ہے تو وہ متاثرہ خواتین کے خاندانوں سے ملاقات کریں اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کریں، انہیں طاقت دیں۔“ اپنے خلاف جے ڈی ایس کے احتجاج پر شیوکمار نے کہا کہ ان کا (شیوکمار) کا نام لیے بغیر انہیں نیند نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ میرے خلاف کچھ نہ کریں تو ان کی دکان نہیں چلے گی، میرا نام لیے بغیر انہیں ذہنی سکون نہیں ملے گا۔“