پٹرول اور ڈیزل کی نمایاں قیمتیں ریکارڈ سطح پر برقرار
نئی دہلی،28/اگست (آئی این ایس انڈیا) پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں آج مسلسل چوتھے دن یعنی 28 اگست 2021 کو کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ خوردہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ہفتے کے روز ایندھن کی قیمتوں کو گزشتہ قیمتوں پر برقرار رکھا۔ سرکاری شعبے کی پٹرولیم کمپنیوں کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی میں پٹرول کی قیمت 101.49 روپئے ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 88.92 روپئے فی لیٹر ہے۔
واضح رہے کہ عام آدمی جو تیل کی اونچی قیمتوں سے پریشان ہے ان کو منگل کو اس وقت تھوڑی راحت ملی جب پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔ منگل کو پٹرول اور ڈیزل دونوں 15،15پیسے فی لیٹر سستے ہوئے۔چار میٹرو سٹی کی بات کریں تو ممبئی میں پٹرول کی قیمت 107.52 روپئے فی لیٹر ہے جبکہ ڈیزل 96.48 روپئے فی لیٹر پر چل رہا ہے۔ کولکاتہ میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 101.82 روپئے جبکہ ڈیزل کی قیمت 91.98 روپئے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح چنئی میں پٹرول اور ڈیزل بالترتیب 99.20 اور 93.52 روپئے فی لیٹراور بنگلورو میں 104.98 روپئے اور 94.34 روپئے فی لیٹر فروخت ہو رہے ہیں۔