پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 17th December 2019, 6:06 PM | عالمی خبریں |

اسلام آباد17دسمبر (آئی  این ایس انڈیا) پاکستان کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم دیا ہے۔عدالت نے منگل کو جاری اپنے مختصر فیصلے میں قرار دیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے تین نومبر 2007 کو آئین پامال کیا اور وہ سنگین غداری کے مرتکب قرار پائے ہیں۔جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والے تین ججوں پر مشتمل بینچ میں سے دو نے پرویز مشرف کو پھانسی دینے کے حق میں فیصلہ دیا اور ایک جج نے سزائے موت کے فیصلے سے اختلاف کیا۔

خصوصی عدالت کا سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔وکلائے صفائی خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف صرف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔پرویز مشرف کے وکلائے صفائی کے پینل میں شامل اختر شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف شکایت غلط تھی اور حکومت پاکستان کو یہ شکایت واپس لینی چاہیے تھی۔ خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے معاملے کو لیگل سیل دیکھے گا۔

اختر شاہ ایڈووکیٹ کے بقول، انہوں نے عدالت میں بھی کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آنا چاہتے ہیں انہیں موقع دیا جائے، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں، انہیں ڈاکٹرز اور سکیورٹی فراہم کی جائے۔

پاکستان فوج کے سابق سربراہ پرویز مشرف نے 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا اور بعد ازاں وہ ملک کے صدر بھی منتخب ہوئے۔ پرویز مشرف لگ بھگ 10 سال اقتدار میں رہے اور وہ ان دنوں علاج کی غرض سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے تین نومبر 2007 کو ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے آئین معطل کر دیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013 میں پرویز مشرف پر آئین سے بغاوت کا مقدمہ چلانے کے لیے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ ان کے خلاف ماورائے آئین اقدامات کے الزام میں آئین کی دفعہ چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت 20 نومبر 2013 کو قائم کی گئی تھی اور 31 مارچ 2014 کو عدالت نے مشرف پر فرد جرم عائد کی۔ بعد ازاں 2016 میں عدالت کے حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالے جانے کے بعد پرویز مشرف ملک سے باہر چلے گئے۔خصوصی عدالت نے 19 جون 2016 کو مسلسل غیر حاضری پر پرویز مشرف کو مفرور قرار دیا۔ مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران خصوصی عدالت کی چھ مرتبہ تشکیل نو ہوئی۔ پرویز مشرف اس کیس میں نہ تو پیش ہوئے اور نا ہی انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ خصوصی عدالت نے 19 نومبر 2019 کو پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا تھا۔ تاہم پرویز مشرف کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کو 26 نومبر کو فیصلہ سنانے سے روک دیا اور پانچ دسمبر تک پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا حکم دیا۔عدالتی حکم پر چار دسمبر کو علی ضیا باجوہ کو پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا اور پانچ دسمبر کو ہونے والی سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے انہیں 17 دسمبر تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ اسی روز فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔