امریکہ تائیوان کو 'تنہا' نہیں چھوڑے گا: نینسی پیلوسی

Source: S.O. News Service | Published on 6th August 2022, 11:23 AM | عالمی خبریں |

ٹوکیو ،6؍اگست (اس او نیوز؍ایجنسی) امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ایشیا کے اپنے دورے کے آخری مرحلے میں جمعے کے روز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچنے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ تائیوان کو الگ تھلگ کرنے کی چین کو اجازت نہیں دے گا۔ وہ تائیوان کے متنازع دورے، جس نے بیجنگ کو مشتعل کردیا ہے، کے بعد ٹوکیو پہنچی ہیں۔

پیلوسی نے جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کے ساتھ بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "وہ تائیوان کوکسی جگہ کا دورہ کرنے سے یا اسے دیگر مقامات پر شرکت کرنے سے روکنے کی کوشش کرسکتے ہیں لیکن وہ ہمیں وہاں جانے سے روکنے کی کوشش کر کے تائیوان کو الگ تھلگ نہیں کرسکتے۔"

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے کہا،"ہم نے اعلی سطحی دورے کیے ہیں، ہمارے سینیٹرز وہاں گئے ہیں، دوروں کا سلسلہ جاری ہے اور ہم انہیں تائیوان کو تنہا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔" پیلوسی نے کہا کہ سنگا پور، ملائشیا، تائیوان، جنوبی کوریا اور جاپان کا ان کا دورہ "صورت حال میں کسی طرح کی تبدیلی کے لیے نہیں تھا۔"

ان الزامات کے جواب میں کہ ان کے دورے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ تائیوان کی آزادی کی حمایت کرتا ہے، پیلوسی نے کہا،"ہم شروع سے ہی کہتے رہے ہیں کہ ہماری یہاں نمائندگی ایشیا میں، یا تائیوان میں، موجودہ صورت حال میں کسی طرح کی تبدیلی کے لیے نہیں ہے۔ "

انہوں نے کہا، "یہ تائیوان ریلیشنز ایکٹ کا حصہ ہے، امریکہ چین پالیسی کے تحت ہے۔ ان تمام قوانین اور معاہدوں کے تحت ہے جن کی بنیاد پر ہمارے تعلقات قائم ہیں۔ یہ دورہ آبنائے تائیوان میں امن کی صورتحال جوں کا توں برقرار رکھنے کے لیے تھا۔"

جاپان کے وزیر اعظم فومیوکیشیدا نے کہا کہ چین کے اقدامات ہمارے خطے اور عالمی برادری کے امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ فومیوکیشیدا نے تائیوان کے گرد فوجی مشقوں کے دوران چین کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی مذمت کی اور انہیں ''ایک سنگین مسئلہ قرار دیا ہے جو قومی سلامتی اور شہریوں کی سکیورٹی کو متاثر کرتا ہے۔'

انہوں نے نینسی پیلوسی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اس بار چین کے اقدامات ہمارے خطے اور عالمی برادری کے امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ " انہوں نے مزید کہا،"میں نے انہیں بتایا ہے کہ ہم نے فوجی مشقوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔" فومیو کیشیڈا نے کہا کہ انہوں نے نینسی پیلوسی کے ساتھ شمالی کوریا، چین اور روس سے متعلق معاملات کے علاوہ جیوپولیٹیکل امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چین کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نینسی پیلوسی کے دورے نے آبنائے تائیوان کے استحکام کو نقصان پہنچایا ہے۔

چین تائیوان کو اپنی سرزمین کا ہی ایک حصہ قرار دیتا ہے۔ پیلوسی کے دورے کے بعد جوابی کارروائی کے طورپر بیجنگ میں تائیوان کے اطراف میں بڑے پیمانے پر غیر معمولی جنگی مشقیں شروع کردی ہیں۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کا کہنا ہے کہ اس جنگی مشق میں 100سے زائد جنگی طیارے اور 10جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔