جنوبی کوریا میں بھگدڑ؛ 149 افراد ہلاک، 150 زخمی؛ ہالوین تقریب کے دوران تنگ گلی میں لوگوں کی کثیر تعداد داخل ہونے سے المناک حادثہ
سیول ۔ 30/ اکتوبر(ایس او نیو،/ ایجنسیز) سیول کے اٹائیوون ڈسٹرکٹ میں سنیچر کو ہالووین تقاریب کے دوران ہلاکت خیز بھگدڑ میں تقریبا 149 افراد ہلاک جبکہ دیگر 150 زخمی ہو گئے ۔محکمہ فائر کے عہد یداروں نے یہ بات بتائی۔
خبررساں ایجنسی یونہاپ کی اطلاع کے مطابق فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ چوٹی سیانگ بیم نے نامہ نگاروں کو بتا یا کہ اٹا ویون ڈسٹرکٹ میں نائٹ لائف میں ہیملٹن ہوٹل کے قریب بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔ باور کیا جا تا ہے کہ ہوٹل کے قریب ایک تنگ گلی میں کثیر تعداد میں لوگوں کے داخل ہوجانے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ صدر یوون سوک یول نے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور عہد یداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد پہنچائی جاۓ اور ان کا علاج کرایا جاۓ ۔ انہوں نے اٹاولون میں ہنگامی میڈیکل آفیسرز کو تعینات کر نے اور بستروں کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔
علیحدہ اطلاع کے بموجب جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کے وسطی علاقے میں بھگدڑ مچنے کا واقعہ ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ یونکسن فائر اسٹیشن کے سربراہ چوٹی سنگ پیوم نے بتایا کہ مذہبی تیوہار ہالووین کی تقاریب کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک تنگ گلی سے گذر رہی تھی۔اس دوران ان میں دھکم دھکا شروع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ ابھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔جنوبی کوریا کی نیشنل فائر ایجنسی کے ایک عہدہ دارمون ہیون جو نے کہا کہ ’ علاقہ ابھی تک افراتفری کا شکار ہے اور ہم زخمی ہونے والے افراد کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جائے وقوعہ کے نزدیک واقع اسپتالوں میں منتقل کیے گئے زخمی افراد میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کے صدر یونسک یول نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی سینئر معاونین کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور علاقے میں ہنگامی طبی ٹیموں کو بھیجنے کا حکم دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی اصل وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔