منگلورو ایئرپورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد سیکوریٹی سخت
منگلورو،29/دسمبر (ایس او نیوز) مینگلور انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں ایک ہوائی جہاز میں بم کے موجود ہونے کا ای میل موصول ہونے کے بعد منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے اور جانچ کی جارہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ منگل کی رات کو کسی نے ای میل کرکے دعویٰ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہ’’ فننگ‘‘ کا حصہ ہے۔
ای میل میں لکھا تھا کہ ’’نہ صرف یہ کہ آپ کے ایئر پورٹ میں موجود ایک طیارے بلکہ آپ کے ایئر پورٹ میں بھی دھماکہ خیز مادے ہیں جنہیں ہوشیاری سے چھپایا گیا ہےاور یہ چند گھنٹوں میں پھٹ جائیں گے۔ میں آپ سب کو مار دوں گا۔ ہم ایک دہشت گرد گروہ ہیں جس کا نام ’’ فننگ‘‘ ہیں۔‘‘
ایئر پورٹ حکام نےبدھ کی صبح ۱۱؍ بجکر ۲۰؍ منٹ پر ای میل کی نشاندہی کی اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے ایئر پورٹ کا سرچ آپریشن کیا۔پولیس کمشنر انوپم اگروال نے کہا کہ ایئر پورٹ پر سیکوریٹی سخت کر دی گئی تھی اور اضافی چیک پوسٹ قائم کئے گئے جبکہ تخزیب کاری مخالف چیک اور بم کا سراخ لگانے والے اوراس کا خاتمہ کرنے کیلئے بھی ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں۔ بجپے پولیس انسپکٹر نے ایئر پورٹ کے حکام کے ساتھ میٹنگ بھی منعقد کی ہے۔ بعد ازیں اڈانی ایئر پورٹ اتھاریٹی کی جانب سے داخل کی گئی شکایت کے مطابق پولیس نے سیکشن ۵۰۷؍ کےتحت نامعلوم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔