30ڈسمبر سے منگلورو۔مڈگاؤں کے درمیان وندے بھارت ٹرین کی شروعات : صرف کاروار، اُڈپی میں اسٹاپ
کاروار:26؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) منگلورو اور مڈگاؤں کے درمیان ’وندے بھارت‘ٹرین کو 30ڈسمبر کو وزیر اعظم نریندرمودی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ جب کہ وندے بھارت ٹرین صرف اُڈپی اور کاروار میں ہی رکے گی۔
منگلورو اور مڈگاؤں کے درمیان وندے بھارت ٹرین کی شروعات سے ساحلی علاقوں کے لوگوں کا دیرینہ خواب پورا ہوگا۔ مگر عوام کا کہنا ہے کہ ٹرین صرف اُڈپی اور کاروار میں اسٹاپ دینے سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔ 30ڈسمبر کو وزیر اعظم نریندرمودی ملک کے 6مقامات سے شروع ہونےوالی وندے بھارت ٹرین کا ورچوئیل اجراء کریں گے۔ امید جتائی گئی ہےکہ منگلورو ۔ مڈگاؤں کے درمیان وندے بھارت ایکسپرس ٹرین کی شروعات سے ساحلی علاقوں پر واقع سیاحتی مقامات کاروار، گوکرن، مرڈیشور، گوا اور منگلورو کے درمیان رابطہ آسان ہوگا اور دور دراز کے عوام کو تفریحی مقامات پر پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
منگلورو-مڈگاؤں کے درمیان چلنےو الی وندے بھارت ایکسپرس ٹرین کے لئے جاری کئے گئے اوقات کے مطابق منگل کو چھوڑ کر ہفتہ کے 6 دن یہ ٹرین چلے گی۔ ہر دن صبح 30-08بجے منگلورو سینٹرل سے نکل کر دوپہر 05-01کو مڈگاؤں پہنچے گی۔ مڈگاؤں سے شام 10-06 کونکل کر رات 45-10کو منگلورو سینٹرل ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ متعلقہ ٹرین کو اُڈپی اور کاروار میں اسٹاپ دیا گیا ہے۔ ٹرین کی نگرانی منگلورو سنٹرل اسٹیشن سے کی جائے گی۔