نئی دہلی 25 / اکتوبر (ایس او نیوز) آل انڈیا کانگریس پارٹی کے قومی صدر کی حیثیت سے انتخاب میں بھاری جیت حاصل کرنے کے بعد ملیکارجن کھرگے کل 26 اکتوبر کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔
اطلاع کے مطابق کل اسی موقع پر کھرگے کو اے آئی سی سی کا صدر منتخب ہونے کی سند بھی تفویض کی جائے گی ۔ خیال رہے کہ تقریباً 24 برس بعد کانگریس کی صدارت کے لئے ایک گاندھی خاندان سے باہر والا کوئی شخص ملیکارجن کھرگے کی شکل میں منتخب ہوا ہے ۔ انہوں نے اس انتخاب میں کُل 7987 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے مد مقابل ششی تھرور کو بھاری شکست دی تھی ۔
خبر یہ بھی ہے کہ کھرگے کی طرف سے عہدہ سنبھالنے کی اس تقریب میں کرناٹکا میں بھارت جوڑو پدیاترا کی مہم چلا رہے راہل گاندھی بھی حاضر ہونگے ۔ اور تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنی یاترا جاری رکھنے کے لئے تلنگانہ پہنچیں گے ۔
ملیکارجن کھرگے کے سامنے اس وقت سب سے بڑا چیلنج کانگریس کی گرتی ہوئی ساکھ اور ملکی سیاست میں اس کی پکڑ کو مستحکم کرنا اور 2024 کے انتخابات میں جیت دلاتے ہوئے اسے واپس اپنے سابقہ مقام اور درجہ پر لانا ہے اور یہ کام ناممکن نہیں تو بہت مشکل ضرور سمجھا جاتا ہے ۔