بھٹکل میں ماری دیوی کی وداعی کے ساتھ ماری ہبا پرامن طور پر اختتام پذیر
بھٹکل:20/جولائی (ایس اؤنیوز)تعلقہ کا مشہور ماری ہبا (ماری جاترا مہوتسوا)ماری دیوی کی دھوم دھام سے وداعی کے ساتھ جمعرات کی شام پرامن طورپر اختتام پذیر ہوا۔
جمعرات کی صبح سے ہی بھٹکل اور پاس پڑوس کے تعلقہ جات سے ہزاروں بھگتوں نے مندر پہنچ کر پوجا پاٹ کیا۔ پرانے بس اسٹانڈ سے لے کر مندر تک لوگوں کی کافی بھیڑ دیکھی گئی ، سلطان اسٹریٹ میں سواریوں کی گنجانی دیکھی گئی ۔ سڑکوں پرجہاں تہاں پولس نے بیریکیڈ کھڑے کرتے ہوئے عوامی بھیڑ بھاڑ سے ہونے والی دھکا دھکی پر قابو پانے کی کوشش کی تھی ۔ جمعرات کی شام 30-04بجے ماری دیوی کی وداعی تقریب کی ابتداء ہوئی ، بھگتوں کا ہجوم ماری کو لے کر جالی سمندر کی طرف چل پڑا ، جہاں مذہبی رسومات کو ادا کرتے ہوئے ماری کو سمندر کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں پولس محکمہ کی طرف سے حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈی وائی ایس پی شیو کمار ، سی پی آئی سریش نایک سکیورٹی کی نگرانی کررہے تھے۔