بجلی سپلائی معاملے میں اترکنڑا کے ساتھ ہو رہی ہے ناانصافی ۔ کمٹہ ایم ایل اے دینکر شیٹی نے اٹھایا مسئلہ
بیلگاوی 13 / دسمبر (ایس او نیوز) سوورنا سودھا وزیر برائے توانائی کے جے جارج کی صدارت میں منعقدہ ہبلی الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیسکام) کی میٹنگ میں بجلی فراہمی سے متعلقہ مسائل پر بحث اور مشاورت کے دوران مداخلت کرتے ہوئے کمٹہ کے ایم ایل اے دینکر شیٹی نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے اور دوسرے اضلاع کو سپلائی کرنے میں اتر کنڑا ضلع کا بہت بڑا حصہ ہے مگر بجلی سپلائی فراہمی کے معاملے میں اتر کنڑا ضلع کے ساتھ بہت زیادہ ناانصافی ہو رہی ہے ۔
دینکر شیٹی نے اس میٹنگ میں اتر کنڑا کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سپلائی کمپنی میں عملہ کی کمی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس لئے خالی اسامیوں کی جلد بھرتی ہونی چاہیے اور اس بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیج دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لائن مین کے طور پر اتر کرناٹکا کے افراد بڑی تعداد میں یہاں تعینات تھے ۔ اس کے بعد ان کا تبادلہ ہوگیا تو کمٹہ تعلقہ کے علاوہ دیگر تمام تعلقہ جات میں عملہ کی کمی کا مسئلہ پیش آیا ہے ۔ اگر اسامیوں کی بھرتی کے وقت مقامی افراد کو موقع دیا جائے گا تو اس قسم کے مسائل پیدا نہیں ہونگے۔
اس میٹنگ میں وزیر ایم بی پاٹل، لکشمی ہیبالکر اورمنکال وئیدیا کےعلاوہ ہیسکام کے منیجنگ ڈائریکٹر روشن اور دیگرافسران موجود تھے۔