کاروار 20/اپریل (ایس او نیوز) اُترکنڑا میں لوک سبھا کے عام انتخابات کے لئے 19 اُمیدواروں کی طرف سے داخل کردہ 36 پرچہ نامزدگیوں کی جانچ سنیچر کو کی گئی اور مختلف وجوہات کی بناء پر 17 کاغذات مسترد کر دیے گئے۔
اُترکنڑا ریٹرننگ آفسر اور ضلع کی ڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے بتایا کہ الیکشن مبصر راجیو رتن کی موجودگی میں پرچہ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی جس میں، 6 امیدواروں کی جانب سے داخل کئے گئے 17 کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا گیا ہے۔ جبکہ بقیہ 13 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفسر کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق راشٹریا جن سمبھاونا پارٹی کے ناگراج سریدھر شیٹ، آزاد اُمیدوار روپا نائک، اُمیش دیوجنا، مڈگاونکر پرمود، سُجے سدھیر گوکرن اور پرکاش پنٹو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
انڈین نیشنل کانگریس کی ڈاکٹر انجلی نمبالکر، بھارتیہ جنتا پارٹی کے کاگیری وشویشورہیگڑے، سوشلسٹ یونٹی سینٹر آف انڈیا (کمیونسٹ) پارٹی کے گنپتی ہیگڈے، کرناٹک راشٹریا سمیتی کے ونائک منگیش نائک، اُتّم پرجا پکش کے سُنیل پوار، آزاد اُمیدوار کرشنا جی پاٹل، چدانند ہنومنتپّا ہریجن، نرنجن اُودے سنہا سرڈیسائی، ناگراج اننت شرالی، اروند گوڈا، اویناش نارائن پاٹل، کرشنا ہنومنتپّا بلیگار، راج شیکھر شنکر ہینڈلگی۔ ان سب کی نامزدگی کے کاغذات ضوابط کے مطابق پائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22/اپریل ہے، جبکہ ضلع اُترکنڑا میں 7/مئی کو ووٹنگ ہوگی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ کے دوران اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ کلکٹر پرکاش راجپوت اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواربھی موجود تھے۔