بھٹکل 27/مئی (ایس او نیوز)بھٹکل میں کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے کاروار سے ڈاکٹر شرتھ نائیک کو بھٹکل روانہ کرکے انہیں نوڈل آفسر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، اُنہیں اب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر کے طور پرخدمات انجام دینے والے ڈاکٹر اشوک کمار 31/مئی کو سبکدوش ہورہے ہیں، اب اُن کی جگہ پر ڈاکٹر شرتھ نائیک کا تقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 22 مارچ کو بھٹکل کے نوجوان میں کورونا وائرس کے اثرات پائے جانے کے بعد پھر 24مارچ کو بھٹکل میں کورونا کے دو معاملات سامنے آئے تھے، جس کے ساتھ ہی بھٹکل کو لاک ڈاون کیا گیا تھا اور ڈاکٹر شرتھ نائک کو جو کاروار سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دے رہے تھے، خصوصی نوڈل آفسر کے طور پر بھٹکل روانہ کیا گیا تھا۔ بھٹکل میں کویڈ19 کورونا وباء پر قابو پانے میں ڈاکٹر شرتھ نائک کا بھی خصوصی رول رہا ہے۔