بچہ کے پاسپورٹ کیلئے باپ کی رضا مندی ضروری نہیں: کرناٹک ہائی کورٹ
بنگلورو،10؍ ستمبر (ایس او نیوز) ریاستی ہائی کورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ میاں بیوی کے طلاق کے دوران گھریلو عدالت کی جانب سے بچہ کی مکمل ذمہ داری ماں کے حوالے کئے جانے کے بعد بچہ کے پاسپورٹ کیلئے باپ کی اجازت حاصل کرنے پاسپورٹ افسر دباؤ ڈال نہیں سکتے۔
نابالغ بچہ کو پاسپورٹ جاری کرنے دائر عرضی پر غور کرتے ہوئے پاسپورٹ افسر کو پاسپورٹ جاری کرنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بنگلور کی ایک خاتون کی جانب سے داخل عرضی کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ بنچ نے یہ احکامات جاری کئے۔
بنچ نے ریجنل پاسپورٹ افسر کو ہدایت دی کہ پاسپورٹ کے لئے عرضی داخل کرنے والی خاتون کی عرضی پر اس کے سابق شوہر کی موجودگی یا اجازت کے بغیر کارروائی کی جائے۔
ہائی کورٹ نے مزید وضاحت کی کہ عرضی گزار خاتون گھریلو عدالت کی اجازت کے بغیر سفر نہ کرے اور اگر اس سلسلہ میں خاتون نے عرضی داخل کی تو متعلقہ عدالت میں فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔