کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی پر فون ٹیپنگ کا الزام، معاملہ درج
بنگلورو؍نئی دہلی، یکم ستمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی کو جھٹکا دیتے ہوئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آی) نے بر سر اقتدار بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کی ریاستی حکومت کی گزارش پر کئی نامعلوم افسر شاہوں اور دیگر لوگوں کے خلاف معینہ طور پر فون ٹیپنگ کرانے کا معاملہ درج کیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون کی کئی دفعات کے تحت جمعہ کے روز سی بی آئی نے معاملہ درج کیا ہے۔
ریاستی حکومت کے حکم کے مطابق سی بی آئی سے کہا گیا ہے کہ وہ برسر اقتدار اور حزب اختلاف سے متعلقہ رہنماؤں کے معاونین اور رشتہ داروں کے فون ٹیپنگ کرانے کے معاملہ میں سرکاری ملازمین کے کردار کی جانچ کریں۔
احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست میں غیر قانونی طور سے کرائی گئی فون ٹیپنگ کی وجہ سے ایسا مانا جا رہا ہے کہ کئی اعلیٰ سیاسی رہنماؤں اور سرکاری ملازمین کی اہم اور نجی معلومات افشاں ہو گئی ہوگی اور اس سے حق رازداری کی خلاف ورزی کا امکان ہے۔
ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ کماراسوامی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی مدت کار کے دوران اس وقت وگوں کے فون ٹیپ کرائے جب ان کی حکومت گرنے کی کگار پر تھی اور ان کی حکومت کو حمایت دے رہے 17 ارکان اسمبلی (جن میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی شامل تھے) نے استعفی دے دیا تھا۔ کماراوامی نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔