ہبلی24؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کے ہبلی دھارواڑ ضلع میں اس وقت ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جب لاری اور ایک پرائیویٹ بس میں تصادم ہو گیا۔ اس حادثہ میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ دیر رات گئے 12.45 بجے ہبلی کے مضافات میں پونے-بنگلور قومی شاہراہ پر ترہال کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ بائی پاس پر اس وقت پیش آیا جب چاول کی بوریوں سے بھرے ٹرک اور نجی بس میں تصادم ہوا۔
حادثے کے دوران بس پر سوار 6 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کل 25 زخمی مسافروں کو ہبلی کے کے آئی ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ ہلاک شدگان میں سے بیشتر مہاراشٹر کے کولہاپور سے بنگلورو جا رہے تھے۔ ہبلی دھارواڑ کمشنر لابھو رام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ہبلی نارتھ ٹریفک پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔