کورونا وائرس: کرناٹک میں 5 ویں مرحلہ کے رہنما خطوط جاری
بنگلورو،20؍ستمبر(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس سے متعلق کنٹین منٹ اور بفر زون میں مزید نرمی لاتے ہوئے حکومت نے 5ویں مرحلہ کے رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے یہ رہنما خطوط جاری کئے ہیں جو اس طرح ہیں۔ 100میٹر کے دائرہ میں 20کووِڈ متاثرین کی تعداد ہے تو صرف ایسے علاقوں کو کنٹین منٹ زون قرار دیا جائے گا۔
ان گائیڈ لائنس میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ حالات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ اور شہروں میں بلدی ادارے یہ فیصلہ کرسکتے ہیں۔جن علاقوں کو کنٹین منٹ زون قرار دیا جائے گاان علاقوں میں کتنے متاثرین ہیں یہ تعداد باقاعدہ متعلقہ بلدی ادارہ اور محکمہ صحت کے دفتر میں درج کروانی ہوگی۔ کنٹین منٹ زون کے ہر گھر کا معائنہ کرکے وائرس سے متعلق ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کنٹین منٹ زون میں کورونا کے نئے معاملات کا پتہ چلنے پر اس کو بفر زون قرار دیا جانا چاہئے۔ جس شہر اور دیہی علاقوں میں 28دنوں تک ایک بھی کورونا کا معاملہ ظاہر نہیں ہوا تو اس علاقہ کو کورونا سے آزاد علاقہ قرار دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔