گوری لنکیش قتل معاملہ: ہبلی سے مزید2ملزم گرفتار
بنگلور24؍جولائی(ایس او نیوز) معروف صحافی گوری لنکیش قتل معاملہ کی تفتیش کررہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم ( ایس آئی ٹی ) نے انتہائی فعال کردار ادا کرتے ہوئے مزید دو گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ ہبلی سے گرفتار دو ملزموں کو ایس آئی ٹی نے آج شہر کی اے سی ایم ایم کورٹ میں پیش کیا ہے ۔ گرفتار ملزمین کی شناخت امیت رامچندرا بڈی اور گنیش وسکن کے طور پر کی گئی ہے ۔ دونوں کو ہبلی بنشنکری سندر روڈ سے گرفتار کیا گیا ۔ گرفتاری کے وقت ملزمین کے قبضہ سے غیر قانونی ہتھیار بھی ضبط کیاگیا ہے ۔ دونوں ملزمین پر غیر قانونی ہتھیار رکھنے اور گوری لنکیش کو قتل کرنے کے لئے ہتھیار فراہم کرنے کا الزام ہے ۔تین دن پہلے اس معاملے میں موہن نایک کو سولیہ سے گرفتار کیاگیاتھا۔ موہن پر پرشورام واگمورے کو کرایہ پر گھر دلانے اور گوری کو قتل کرنے کے مختلف مراحل میں مدد کرنے کا الزام ہے ۔
دریں اثناء گوری قتل کا اہم ملزم پرشورام واگمورے کو ایک پرانے معاملے میں وجئے پور کورٹ سے راحت دی گئی ہے ۔6سال قبل پرشورام پر سندگی تحصیلدار دفتر کے روبرو پاکستانی پرچم لہرانے کا الزام تھا۔ اس معاملے میں وہ پانچواں ملزم تھا۔ کل ہبلی میں گرفتار کئے گئے دو ملزمین سمیت ایس آئی ٹی نے گوری قتل معاملہ میں ابتک دس ملزمین کوگرفتار کیا ہے ۔سب سے پہلے منجا عرف نوین کمار کوگرفتار کیا گیاپھردیگر9ملزموں کو ایس آئی ٹی نے گرفتار کیا ہے ۔ ہبلی سے گرفتار دو ملزموں کو آج شہر کی عدالت میں حاضر کیاگیا، عدالت نے 6؍ اگست تک دونوں ملزموں کو پولیس حراست میں دے دیا ہے ۔ ایس آئی ٹی نے بتایا کہ 5ستمبر2017کو گوری لنکیش پر گولیاں چلانے والا پرشورام واگمورے ہے ۔ قتل واردات کے بعد ایس آئی ٹی نے شہر کے مختلف علاقوں سے کئے گئے ایک لاکھ سے زائد فون کالس کا جائزہ لیا تھا اور ملک کے تین ریاستوں میں تحقیقات کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کیاگیاہے۔