کنداپور کے کوٹا پولیس اسٹیشن کا سابق سب انسپکٹر رشوت خوری معاملہ میں معطل
کنداپور11 / دسمبر (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے کوٹا پولیس اسٹیشن کے سابق سب انسپکٹر شمبھو لنگیّا کو رشوت خوری معاملے میں اڈپی ضلع ایس پی ارون کمار نے معطل کر دیا ہے ۔ شمبھو لنگیّا اس وقت کارکلا پولیس اسٹیشن میں آفیسر آن ڈیوٹی کے طور پر تعینات تھا ۔
واضح رہے کہ ایک سوشیل ورکر نے ویڈیو کے ذریعے سوشیل میڈیا پر الزام لگایا تھا کہ سب انسپکٹر شمبھولنگیّا ایک کالج کی انتظامیہ کمیٹی سے رشوت وصول کر رہا ہے ۔ بتایا جاتا نجی کالج کی انتظامیہ کمیٹی سے متعلقہ مسئلہ میں مدھو بھاسکر اور مہیما مدھو بھاسکر نے ایک دوسرے کے خلاف کوٹا پولیس اسٹیشن میں شکایتیں درج کروائی تھیں ۔ اُس وقت کوٹا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کی ذمہ داری نبھانے والے سب انسپکٹر شمبھو لنگیّا نے مہیما مدھو بھاسکر کی شکایت میں 'بی' رپورٹ داخل کرنے کے لئے مدھو بھاسکر سے رشوت حاصل کی اور اپنے ایک رشتہ دار کے بینک کھاتے میں یہ رقم ٹرانسفر کروائی تھی ۔
اس الزام کے پس منظر میں شمبھو لنگیا کو او او ڈی کے طور پر کارکلا پولیس اسٹیشن میں ٹرانسفر کیا گیا تھا ۔ اب ایس پی نے رشوت خوری کے معاملے میں اسے معطل کر دیا ہے ۔