طالبان نے درجنوں افغان فوجی اہلکار یرغمال بنا ڈالے 

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 19th March 2019, 4:52 PM | عالمی خبریں |

کابل 19مارچ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) افغانستان میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے سرکاری فوج کے 58 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔حکام کے مطابق ان اہلکاروں کو ترکمانستان کی سرحد سے متصل افغان صوبے بادغیس میں طالبان اور سرکاری فوج کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے دوران یرغمال بنایا گیا ہے۔

افغان وزارتِ دفاع نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ سرکاری فوج کے وہ 58 دیگر اہلکار واپس افغانستان پہنچ گئے ہیں جو شمالی مغربی سرحدی ضلعے بالا مرغاب میں طالبان کے حملے سے بچنے کے لیے سرحد پار کرکے ترکمانستان چلے گئے تھے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق علاقے میں مزید کمک بھیج دی گئی ہے اور لاپتا اہلکاروں کی تلاش اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔افغان وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک علیحدہ بیان میں سرحد پار جانے والے افغان فوجی اہلکاروں کا خیال رکھنے اور انہیں طبی امداد فراہم کرنے پر ترکمانستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔طالبان نے بالا مرغاب پر قبضے کے لیے دو ہفتے قبل حملہ کیا تھا جس کے بعد سے جنگجووں اور سرکاری فوج کے درمیان علاقے میں جھڑپیں جاری تھیں۔جھڑپوں میں اطلاعات کے مطابق اب تک سرکاری فوج کے درجنوں اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ طالبان نے لگ بھگ 200 کو یرغمال بنا لیا ہے۔لیکن افغان حکام نے اب تک صرف 58 اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ضلعے کے کئی اہم علاقے اور چوکیاں طالبان کے قبضے میں جا چکی ہیں۔ لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ ضلعے کے مرکزی شہر پر تاحال افغان فورسز کا کنٹرول ہے۔

طالبان نے اتوار کو سوشل میڈیا پر سکیورٹی فورسز کے 72 مبینہ اہلکاروں کی تصاویر جاری کی تھیں جنہوں نے طالبان کے دعوے کے مطابق بالا مرغاب میں لڑائی کے دوران ہتھیار ڈال دیے تھے۔طالبان کا دعویٰ ہے کہ صوبہ بادغیس کے چھ میں سے بیشتر اضلاع یا تو مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہیں یا وہ وہاں پوری طرح سرگرم ہیں۔ لیکن طالبان کے ان دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔طالبان کے تازہ حملے ایسے وقت ہو رہے ہیں جب طالبان اور امریکہ کے نمائندوں نے حال ہی میں قطر میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد افغان جنگ کے خاتمے پر اتفاقِ رائے ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔