یکم اکتوبر سے ریاست کرناٹک میں ڈگری کالجوں کا آغاز؛ یکم ستمبر سے آن لائن کلاسس
بنگلورو، 27؍اگست (ایس او نیوز) حکومت کرناٹک میں اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے ریاست بھر میں تمام کالجس باقاعدہ تعلیمی سلسلہ شروع کردیں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے یہ اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ڈگری کورسوں کے لئے تعلیمی سال کا آغاز یکم ستمبر کو آن لائن کلاسوں سے ہوگا اور کالجوں میں باقاعدہ آف لائن کلاسس اکتوبر میں شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے ریاست کا محکمہ تعلیم مرکزی حکومت کی ہدایتوں کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کے دوران چند ڈگری کورسوں کے امتحان بھی کروانے کا منصوبہ ہے۔ یکم اکتوبر سے مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق کالجوں میں تمام طلباء کی حاضری لازمی قرار دی جائے گی۔کورونا وائرس سے طلباء کو محفوظ رکھنے کے لئے سخت احتیاطی اقدامات کے ساتھ تعلیمی سلسلہ کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈر گریجویٹ، ڈپلومہ اور انجینئرنگ کے تمام طلباء کا فائنل ایر امتحان حسب شیڈول کروایا جائے گا۔ تعلیمی سال کے شروعات کے ساتھ دیگر طلباء کے فائنل امتحان کا شیڈول بھی طے ہوجائے گا۔
اشوتھ نارائن نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باوجود احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے امتحانات کا میابی کے ساتھ کروائے گئے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ پری یونیورسٹی کالجس کب سے کھلیں گے ۔ ایسے مرحلے میں جب کہ کرناٹک خاص طور پر شہر بنگلورو میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں روزانہ بڑی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے تعلیمی ادارے کھولنے کے متعلق کچھ بھی واضح طور پر نہیں کہا گیا ہے۔ مرکزی وزارت تعلیم کی طرف سے بھی اس سلسلے میں رہنما خطوط جاری کرنے میں تاخیر طلباء اور والدین کیلئے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے۔