غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا 9 وا ں دن ، ایک ہزار بچوں سمیت 2500 سے زائد فلسطینی شہید

Source: S.O. News Service | Published on 16th October 2023, 11:12 AM | عالمی خبریں |

غزہ، 16/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اسرائیل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 600 سے زائد فلسطینی شہید اور 800 زخمی ہوگئے۔غزہ پر اسرائیل کےحملوں کا آج 9 واں روز ہے ، اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری جاری ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 600 سے زائد فلسطینی شہید اور 800 زخمی ہوگئے جس کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد2 ہزار 670 ہوگئی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 9 ہزار714 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں،اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی اکثریت میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔قدس نیوز نیٹ ورک کے مطابق 9 روز میں اسرائیلی بمباری میں 320 نوزائیدہ بچوں سمیت ایک ہزار بچے شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے  جنگی اصولوں کی خلاف ورزی  کرتے ہوئے شمالی غزہ سے جنوب کی جانب انخلا کرنے والے شہری قافلوں پر بمباری کردی، انخلا کرنے والوں میں اکثریت بچوں اور خواتین کی تھی۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی بمباری سے علاقہ زور دھار دھماکوں سے گونج اٹھا اور 70 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ،اسرائیلی بمباری سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔

غزہ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولینس کے عملے کو بھی نشانہ بنایا۔فلسطینی علاقوں پر قابض اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پر فضا، سمندر اور زمین سے حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے(بی بی سی) کے مطابق ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ غزہ پر تینوں راستوں (زمین، فضا اور سمندر) سے حملوں کی تیاری کر رہا ہے لیکن اس حوالے سے ابھی کوئی وقت سامنے نہیں آیا۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی اس حوالے سے اپنے فوجیوں کو اشارہ دیتے ہوئے کہا جنگ کا اگلا مرحلہ آرہا ہے جس میں اسرائیل کی طرف سے غزہ پر زمینی حملہ متوقع ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے پیغام میں شمالی غزہ شہر کے رہائشیوں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ جنوب کی طرف چلے جائیں،شمالی غزہ میں اہم فوجی سرگرمیاں ہونے والی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کرنے پر عرب  نیوز چینل الجزیرہ کو بند کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔اسرائیلی وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ الجزیرہ بیورو کے مجوزہ شٹ ڈاؤن کے لیے کابینہ سے منظوری طلب کی جا رہی ہے، الجزیرہ حماس کی مدد کر رہا ہے اور غیر محفوظ علاقوں میں موجود اسرائیلی فوجیوں کی فلم بندی کر رہا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔