جو بائیڈن کی حلف برداری پرعالمی لیڈروں کے ملے جلے تہنیتی پیغامات

Source: S.O. News Service | Published on 21st January 2021, 8:15 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن،21/جنوری (آئی این ایس انڈیا)امریکا کے نئے صدر جوزف بائیڈن کی حلف برداری پر مشرق ومغرب کے عالمی لیڈروں نے انھیں مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیےملے جلے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پارلیمان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں بائیڈن اور ان کی نئی انتظامیہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے اور اپنی مشترکہ ترجیحات پر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ، وبا کے بعد بہتر مستقبل کی تعمیر اور ہماری بین البراعظمی سکیورٹی کو مضبوط بنانا شامل ہے۔‘‘

یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان دیر لیون نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے:’’ امریکا واپس آگیا ہے اور یورپ ایک سابقہ اور آزمودہ کار شراکت دار سے دوبارہ روابط کے لیے تیار ہے تاکہ ہمارے اتحاد میں ایک نئی روح پھونکی جاسکے۔ میں جو بائیڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہوں۔‘‘

جرمن صدر فرینک والٹر اسٹینمائر نے صدر بائیڈن کی حلف برداری کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اس میں انھوں نے کہا کہ ’’آج جمہوریت کے لیے ایک اچھا دن ہے۔ریاست ہائے متحدہ امریکا میں جمہوریت نے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔امریکا میں ادارہ جاتی سطح پر اس کو تارتار کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود انتخابی ورکروں ، گورنروں ، عدلیہ اورکانگریس نے خود کو مضبوط ثابت کیا ہے۔آج جب جوبائیڈن صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا رہے ہیں اور وائٹ ہاؤس منتقل ہورہے ہیں تو مجھے بہت سکون ملا ہے۔میں یہ جانتا ہوں کہ جرمنی میں بہت سے لوگوں کے یہی احساسات ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ہے کہ ’’بائیڈن کی انتخابی جیت دراصل جمہوریت کی انتہائی دائیں اور اس کے تین طریقوں کے مقابلے جیت ہے۔ یہ بڑے پیمانے پر فریب ، قومی تقسیم اور گالم گلوچ اور جمہوری اداروں میں تشدد ہے۔ پانچ سال قبل ہم نے یہ سوچا تھا کہ ٹرمپ ایک بُرا لطیفہ ہے لیکن پانچ سال کے بعد ہمیں یہ احساس ہوا ہے کہ انھوں نے تو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔‘‘

اطالوی وزیراعظم جیوسپے کونٹے نے پارلیمان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ بائیڈن کی صدارت اور ان کے ساتھ مل کر فوری طور پر اٹلی کی جی 20 کی صدارت پر کام کے منتظر ہیں۔ہمارا ایک مشترکہ کثیرالجہت ایجنڈا ہے۔ یہ موسمیاتی تبدیلی سے گرین اور ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی شمولیت تک پھیلا ہوا ہے۔‘‘

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صدر جو بائیڈن کو براہ راست تہنیتی پیغام تو نہیں دیا ہے لیکن انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اسلحہ پر کنٹرول کے نیواسٹارٹ معاہدے میں توسیع کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’ روس اور اس کے صدر اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔اگر ہمارے امریکی ساتھی اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی عزم کا اظہار کرتے ہیں تو ہم اس کا خیرمقدم کرسکتے ہیں۔‘‘

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کمالا ہیرس کو ان کی تاریخی حلف برداری پر مبارک باد دی ہے اور جوبائیڈن کو یہ یاددہانی کرائی ہے کہ ان کے درمیان تو برسوں پرانا یارانہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’میں امریکا اور اسرائیل کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔میں اسرائیل اور عرب دنیا کے درمیان امن کو جاری رکھنا چاہتا ہوں اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنا چاہتاہوں۔ ان میں سب سے بڑا ایران سے درپیش خطرہ ہے۔‘‘

غزہ کی حکمراں فلسطینی جماعت حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ انھیں ٹرمپ کی رخصتی پر کوئی افسوس نہیں ہے۔وہ دنیا میں ناانصافی ، تشدد اور انتہا پسندی کو اسپانسر کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ تھے اور وہ ہمارے عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت اور قبضے کے براہ راست شراکت دار تھے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’ امریکی صدر جوزف بائیڈن کو ہمارے عوام کے خلاف گم راہ کن اور غیر منصفانہ پالیسیوں کا خاتمہ کرنا چاہیے اور خطے میں سلامتی اور استحکام کی نئی بنیادیں رکھنی چاہییں۔‘‘

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔