ہوناور کے کاسرکوڈ ۔ٹونکا میں سمندری کنارے سروے -ماہی گیروں نے کی سروے کی سخت مخالفت؛ افسران کے ساتھ ہوا تصادم؛ ہلکی لاٹھی چارج

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st February 2024, 1:45 PM | ساحلی خبریں |

ہوناور  یکم / فروری  (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ ٹونکا میں مجوزہ تجارتی بندرگاہ کے علاقے میں بڑے پیمانے پر پولیس بندوبست کے ساتھ جب بھٹکل سب ڈیویژن اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کی قیادت میں تعلقہ انتظامیہ کے افسران سمندری کنارے ہائی ٹائڈ لائن (سمندر میں بھرتی کے وقت پانی خشکی تک پہنچنے کی حد) کی نشاندہی کے لئے سروے کرنے پہنچے تو وہاں ماہی گیروں نے سخت مخالفت کی اور احتجاج شروع کردیا جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔     ماہی گیروں نے سرکاری افسران کو سروے کرنے سے روکا اور زبانی تکرار بڑھتی گئی تو  بھٹکل  ڈی وائی ایس پی  شری کانت اور ہوناور سرکل پولس انسپکٹر سنتوش کائیکنی نے اپنی پولیس فورس کے ساتھ مداخلت کرتے ہوئے ہلکی لاٹھی چارج کا سہارا لے کر  حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی ۔  واردات بدھ کو پیش آئی۔

        اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا  جو بدھ صبح ہی ٹونکا پہنچی تھی، شام پانچ بجے تک نے ماہی گیروں  کو سروے کرانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، ان کا کہنا تھا کہ  ہم اس مقام پرسرکاری حکم کے مطابق ہائی ٹائڈ لائن کا سروے کر رہے ہیں ۔ اس سے ماہی گیروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ اس لئے افسران کو سروے کی کارروائی مکمل کرنے دیا جائے۔ اس پر ماہی گیروں کی قیادت کرتے ہوئے گنپتی تانڈیل نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ سروے کرنے کے لئے سرکاری حکم کی نقل اور دوسرے ضروری دستاویزات کے ساتھ یہاں آئیں۔ اسی طرح کاسرکوڈ ٹونکا میں ٹکّا -۲ کو شامل کرنے کے بعد سروے کا کام آگے بڑھایا جائے ۔ 

    اس موقع پر ماہی گیروں کے ایک اور  لیڈر راجو تانڈیل کا کہنا تھا کہ ایک زمانے سے یہاں پر ماہی گیر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ حکومت سب سے پہلے ہمارے وجود اور بقا کی نشاندہی کرے۔ اس سے پہلے بھی سرکاری افسران سروے کی بات کہتے ہوئے یہاں آئے تھے۔ پھرسڑک تعمیر کرتے وقت  ہم سب کو جیل میں ٹھونس دیا تھا۔ ہم نے ہمارے حقوق کے لئے احتجاج کیا ہے ۔ اس جگہ ہماری آئندہ نسل کی زندگی برقرار رکھنے کے لئے  تجارتی بندرگاہ کی مخالفت اور احتجاج کرنا ہمارے لئے ناگزیر ہوگیا ہے۔

    اس پس منظر میں اسسٹنٹ کمشنر اور ماہی گیروں کے درمیان زبانی تکرار اور بحث تیز ہوگئی ۔ پھر اسسٹنٹ کمشنر نے اصرار کے ساتھ کہا کہ ہم لوگ ہرحال میں یہاں سروے کی کارروائی انجام دیں گے۔ اس کے جواب میں سیکڑوں ماہی گیر اسی جگہ احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ 

پولیس اور ماہی گیروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو ماہی گیر مشتعل ہوگئے اور کھینچا تانی شروع ہوگئی ۔ اس دوران کئی ماہی گیر لیڈران اور خواتین کے علاوہ کچھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے اسپتال بھیجا گیا ۔ ١٨احتجاجی ماہی گیروں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا گیا تھا، جنہیں منکی پولس تھانہ لے جانے کے بعد  رہا کیا گیا ۔

سخت مخالفت اور احتجاجیوں  کے نعروں  کے باوجود پولس کے سخت بندوبست میں  ہائی ٹائڈ لائن کی نشاندہی کے لئے سروے کی کارروائی شروع کی گئی ۔

    مظاہرین میں شامل ماہی گیر راجیش تانڈیل نے بتایا کہ ماہی گیروں کی مخالفت کے باوجود افسران نے سروے مکمل کرنے کی ضد پکڑی اور اس بیچ پولیس کے ذریعے ماہی گیروں پر ظلم و ستم کیا گیا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ افسران بندرگاہ کمپنی کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ کارروائی انجام دے رہے ہیں ۔ اس کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔   احتجاجیوں نے بتایا کہ دس سے زائد ماہی گیرپولس لاٹھی چارج سے زخمی ہوئے ہیں جس میں بعض کو اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ 

ہوناور    سی پی آئی سنتوش کائکینی نے بتایا کہ ماہی گیروں کو سمجھا بجھا کر سروے کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے مخالفت کی ۔ اس کے بعد پولیس بندوبست کے ساتھ سروے شروع کرنا ضروری ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لاٹھی چارج کیے جانے کی افواہ اڑائی گئی ہے ۔ مخالفت کرنے کی وجہ سے بعض افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ محکمہ پولیس کے بعض اہلکاروں کو بھی اس کوشش میں  چوٹ آئی ہے ۔ ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ 

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے بتایا کہ  سی آر زیڈ(کوسٹل ریگولیشن زون)  کی سینٹرل ٹیم  ٹونکا آئی تھی، جس کے لئے   سمندری کنارے ہائی ٹائڈ لائن سے پچاس میٹر  تک کا سروے کرکے مارکنگ کرنی ہے، اس کو لے کر ماہی گیروں نے مخالفت کی، مگر ہم نے  مارکنگ کا کام شروع کیا ہے او ریہ کام جاری رہے گا۔

مخالفت کے باوجود سروے کئے جانے پر ناراض ماہی گیروں نے  شام سات بجے  مرڈیشور میں واقع ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا کی رہائش گاہ پر پہنچ کر قریب دو گھنٹوں تک دھرنا دیا ، ان کا مطالبہ تھا کہ سروے کا کام روکا جائے اور گرفتار کئے گئے احتجاجیوں کو رہا کیا جائے۔ مگر منسٹر منکال وئیدیا اُن کی آمد سے قریب دو تین گھنٹہ پہلے ہی بینگلور کے لئے نکل چکے تھے۔

 پولس لاٹھی چارج کی مخالفت میں ماہی گیروں نے مرڈیشور میں وزیر منکال وئیدیا کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ کر کیا احتجاجی دھرنا

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی اُمیدوار صرف مودی کے نام پرووٹ مانگ رہے ہیں،بھٹکل سمیت کرناٹک کی 20 سے زائد سیٹوں پرہماری جیت یقینی؛ کانگریس ترجمان کا بیان

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی    ترقی کے نام پر یا حلقہ کے مسائل کو حل کرنے کے نام پر  عوام سے  ووٹ نہیں مانگ رہی ہے   بلکہ مودی کے نام پر ووٹ مانگ رہی  ہے۔ بی جے پی کے پاس ڈیولپمنٹ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،  وہ صرف ذات پات، ہندو مسلم منافرت اور جھوٹے اور نفرتی بیانات کے ذریعے  ...

اُترکنڑا کے عازمین حج کے لئے بھٹکل میں فراہم کی گئی ویکسین کی سہولت؛ سفر حج پر ضلع سے روانہ ہوں گے 220 لوگ

ضلع اُترکنڑا کے عازمین حج کے لئے جمعرات کو بھٹکل تنظیم ہال میں ویکسین کی سہولت فراہم کی گئی، جس کے لئے تنطیم کی طرف سے ضلع حج کمیٹی کی جانب سے تمام عازمین کو ویکسین کے لئے بھٹکل تنظیم آفس پہنچنے  کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

ہبلی میں منعقدہ انٹرکالج کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھٹکل انجمن کا شاندار پرفارمینس؛ دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب

ہبلی میں منعقدہ کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ (کے یو ڈی) سکینڈ زون انٹرکالج کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھٹکل انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپوٹر اپلیکشن (AIMCA) نے شاندارپرفارمینس پیش کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔

بھٹکل : کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ویرپّا موئیلی نے وزیراعظم مودی کو قرار دیا بدھو؛ شکست کے خوف کی وجہ سے بول رہے ہیں جھوٹ پر جھوٹ

  وزیر اعظم نریندر مودی کو بدھو قرار دیتے ہوئے  کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر  ویرپّا موئیلی نے  کہا کہ شکست کے  خوف سے مودی جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ بھٹکل میں  کانگریس کے  حق میں انتخابی پرچار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے  موئیلی نے کہا کہ  وزیر اعظم نریندر مودی ...

لوک سبھا انتخابات کو لے کر بھٹکل کے ووٹروں میں بیداری پیدا کرنے شرالی میں چلائی گئی دستخطی مہم

اُترکنڑا لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ پولنگ کو یقینی بنانے کے تعلق سے ضلع کے تمام تعلقہ جات میں ووٹنگ بیداری مہم چلائی جارہی ہے، اسی طرح کی ایک ووٹنگ دستخطی مہم پیر کو تعلقہ کے شرالی میں چلائی گئی۔