کمٹہ کے سمندر میں چینی جہاز کا معاملہ - کوسٹ گارڈ نے کہا : ہندوستانی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی
کمٹہ 25 / فروری (ایس او نیوز) دو دن قبل کمٹہ کے قریب ہندوستانی سمندری سرحد میں چینی جہاز کی موجودگی اور اس سے ساحلی سیکیوریٹی کو درپیش خطرے کے تعلق سے جو خبریں عام ہوئی تھیں اس پر کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ یہ ایک جھوٹی خبر تھی اور چینی جہاز ہندوستانی سرحد میں داخل نہیں ہوا تھا ۔
کوسٹ گارڈ کی طرف سے جاری کی گئی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ہوناور کے جن ماہی گیروں نے چینی جہاز کو ہندوستانی پانیوں میں دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا اور اس کی ویڈیو بنائی تھی ، دراصل وہ خود ماہی گیری کے لئے 200 ناٹیکل میل کی سرحد سے آگے ہندوستانی پانیوں سے دور چلے گئے تھے ، جہاں انہوں نے چینی جھنڈے کے ساتھ BVKY5 نامی ایک جہاز دیکھا تھا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں کسی بھی ملک کا کوئی بھی جہاز موجود ہو سکتا ہے ۔ یہ پابندی والی سرحد سے باہر کا علاقہ ہے ۔ اس وجہ سے ملک کی سلامتی اور تحفظ کو خطرہ پیدا کرنے والی کوئی سرگرمی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی مسئلہ پیدا ہوا ہے ۔