کابینہ کی توسیع 4؍ اگست کو ممکن: وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی
بنگلورو، 3؍اگست (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے پیر کے دن کہا کہ کابینہ کی توسیع 4 ؍اگست چہارشنبہ کو کئے جانے کا زیادہ امکان ہے ۔ اس کے لئے بی جے پی مرکزی قیادت کی طرف سے وزارت میں شامل کئے جانے والوں کی فہرست کو قطیعت دیا جانا ضروری ہے۔ اتوار کی رات وزیر اعلیٰ دہلی پہنچ گئے ہیں، آج دہلی میں انہوں نے یہ بات کہی۔ کابینہ توسیع متوازن طریقے سے کی جائے گی، اس میں سابقہ کابینہ ٹیم کو ذہن میں رکھا جائے گا۔ کابینہ کی تشکیل میں علاقائی اور سماجی نمائندگی کو ذہن میں رکھا جائے گا۔ انہیں عوامل کی بنیاد پر ناموں اور تعداد کا تعین ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ہر ایک کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی۔ کابینہ کی تشکیل ثمر آور ہونے کے بجائے ریاست کے عوام کی خدمت کے لئے کام آنی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت میں شامل ہونے کے چند خواہشمندوں نے نئی دہلی میں ان سے ملاقات کر کے بات چیت بھی کی ہے، ان کو یہ بھی معلوم ہے کہ ہر ایک کو وزیر نہیں بنایا جاسکتا ، ہم سابقہ کابینہ کی ہیئت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک متوازن مجلس وزرا بنانے کی کوشش کریں گے ۔ یادرہے کہ بسواراج بومئی نے 28 جولائی کو نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔