بوئنگ 777 کا انجن فیل: امریکہ اور جاپان کی ایئر لائنز نے طیارے گراؤنڈ کر دیے

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 22nd February 2021, 11:40 PM | عالمی خبریں |

نیویارک ، 22 فروری(آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں دورانِ پرواز ایک بوئنگ 777 طیارے کا انجن فیل ہو جانے کا معاملہ ان دنوں خبروں میں ہے اور ایک ممکنہ حادثے سے بچنے کے بعد مستقبل میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہفتے کو امریکہ کی یونائٹڈ ایئرلائن کی پرواز 328 کو ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی کیوں کہ اس کا دایاں انجن ٹیک آف کے کچھ دیر بعد ہی تباہ ہو گیا تھا۔

اس جہاز میں امریکی کمپنی 'پریٹ اینڈ وٹنی' کا 4000 انجن تھا۔ تباہ شدہ انجن کے ٹکڑے زمین پر آ گرے تھے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق جہاز میں 231 مسافر سوار تھے جسے پائلٹ نے بحفاظت لینڈ کرا لیا اور حکام کے مطابق نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی شخص کو کوئی چوٹ آئی۔

امریکہ میں فضائی سفر کی نگران فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے یونائٹڈ ایئرلائنز' سے کہا ہے کہ وہ اپنے ان تمام بوئنگ 777 طیاروں کا جلد معائنہ کرائے جن میں 'پریٹ اینڈ وٹنی (پی اینڈ ڈبلیو) 4000' انجن ہیں۔

یونائٹڈ نے کہا ہے کہ وہ ایسے تمام جہازوں کو عارضی طور پر اپنی سروس سے نکال رہی ہے۔

ایئر لائن سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس انجن کے حامل اپنے تمام بوئنگ 777 طیارے رضاکارانہ بنیادوں پر عارضی طور پر اپنی سروس سے نکال رہی ہے۔ یونائٹڈ کے پاس ایسے 24 جہاز ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ جہاز کے انجن کے پرزے ٹوٹ کر زمین پر آ گرے تھے اور جہاز کے انجن میں آگ بھی لگی ہوئی تھی جس کی مسافروں نے ویڈیوز بھی بنائی ہیں۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ امریکہ میں یہ طیارے صرف یونائٹڈ ایئر لائن ہی استعمال کر رہی ہے جب کہ باقی دیگر ایسے طیارے جاپان اور جنوبی کوریا میں استعمال ہو رہے ہیں۔

ادھر جاپان نے بھی ان طیاروں کا استعمال عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

جاپان کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے اپنی ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ جن کے پاس 'پی اینڈ ڈبلیو 4000' انجن کے بوئنگ ہیں، ان کا استعمال معطل کر دیا جائے۔ ٹرانسپورٹ کی وزارت مزید اقدامات اٹھانے پر بھی غور کر رہی ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ چار دسمبر 2020 کو جاپان میں بھی بوئنگ 777 کے ایک ایسے ہی طیارے کو پرواز کے بعد دوبارہ لینڈنگ کرنا پڑی تھی کیوں کہ اس کے بائیں انجن نے 100 کلو میٹر کی پرواز کے بعد مسئلہ پیدا کرنا شروع کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ انجن بنانے والی کمپنی 'پی اینڈ ڈبلیو' کا اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ البتہ بوئنگ نے تجویز دی ہے کہ اس ماڈل کے انجن رکھنے والے تمام جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا جائے۔

امریکہ میں مسافروں اور سفری تحفظ کے ادارے 'نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی)' نے متاثرہ بوئنگ 777 کے ابتدائی معائنے کے بعد بتایا ہے کہ زیادہ نقصان دائیں انجن میں ہوا ہے جب کہ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

این ٹی ایس بی کے مطابق طیارے کے انجن کا کور علیحدہ ہو گیا اور انجن کے پنکھے کے دو بلیڈ ٹوٹ گئے جب کہ دیگر بلیڈز کو نقصان پہنچا ہے۔

بوئنگ نے یہ طیارے استعمال کرنے والی ایئر لائنز کو تجویز دی ہے کہ وہ فی الحال اپنے ان طیاروں کو گراؤنڈ کر لیں جب تک امریکی ریگولیٹر انسپیکشن کا کوئی طریقۂ کار وضع نہ کر دیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔