یشونت سنہا کے’ ربڑ اسٹامپ‘ تبصرہ پر بی جے پی لیڈر کا شدید ردعمل
بنگلورو، 5؍جولائی (ایس او نیوز) صدارتی انتخابات کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کے ’ربڑ اسٹامپ صدر‘ تجرہ کیلئے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی نے انہیں نشانے پرلیا۔
سی ٹی روی نے کہا کہ ایک قبائلی خاتون اس عہدے کے قابل نہیں ہے، یشونت سنہا کا یہ تبصرہ ان کی بری ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ ایک سوال کا جواب دے رہے تھے، جس میں یشونت سنہا نے الیکشن کیلئے بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے کی امیدوار دروپدی مرمو سے اپیل کی تھی کہ وہ جیتنے کے بعد ربڑ اسٹامپ صدر نہ بنیں۔ مرمو کا تعلق اوڈیشہ کی ایک قبائلی برادری سے ہے۔ سی ٹی روی نے کہا کہ بلاشبہ ملک کو ربڑ اسٹامپ صدر کی ضرورت نہیں ہے، لیکن اسی طرح ایک قبائیلی خاتون کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کی ذہنیت خطرناک ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک قبائیلی خاتون کے طور پر مرمو پہلے ہی جھارکھنڈ کے گورنر، اُڈیشہ میں وزیر اور ایم ایل اے اور ایک کالج میں لیکچرار کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر چکی ہیں۔ یہ احساس کہ قبائلی عورت قابل نہیں ہے کسی کی کمز ور ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ سی ٹی روی نے کہا کہ مرموووٹ حاصل کرنے کیلئے 10 جولائی کو کرناٹک کا دورہ کریں گی اور موجودہ تعداد کی بنیاد پر 18 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کی جیت بھی یقینی ہے۔
یشویت سنہا، جواپنی انتخابی مہم کے ایک حصہ کے طور پر اتوارکو بنگلورو میں تھے نے یہاں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں شرکت کی اور بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ سیاسی مخالفین سے حساب لینے کیلئے ای ڈی ، سی بی آئی، انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
چکمنگلورو کے ایم ایل اے سی ٹی روی نے کہا کہ ای ڈی یا محکمہ انکم ٹیکس ایماندار لوگوں کے خلاف کچھ نہیں کرتا لیکن بد عنوان لوگ ان سے بچ نہیں سکتے۔اگر کوئی کرپٹ ہے تو اسے فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایماندار لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے صدارتی انتخابات میں مرمو کی حمایت کرنے جے ڈی (ایس) کے منصوبے کا بھی خیر مقدم کیا۔سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا کی قیادت والی علاقائی پارٹی نے پہلے ہی مرموکی حمایت کا اشارہ دیا ہے۔