بھٹکل 12/ ڈسمبر(ایس او نیوز) بھٹکل بندرروڈ کی ایک بیکری میں چوری کی عجیب واردات پیش آئی ہے جس میں چورتالہ توڑے بغیراورشٹرکونقصان پہنچائے بغیربیکری کے اندر داخل ہوکر2.58 لاکھ روپئے پر ہاتھ صاف کرنے کےساتھ ساتھ بیکری کے اندر رکھے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آربھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ چوری کی یہ واردات پیراورمنگل کی درمیانی شب کو پیش آئی۔
بیکری مالک نورالامین نے بتایا کہ بدھ صبح سات بجے جیسے ہی انہوں نے بیکری کا شٹر اُٹھایا اندر سی سی ٹی وی کیمرے کا رُخ اوپر چھت کی طرف کیا گیا تھا اور ڈی وی آر غائب تھا، جب کیش کاونٹر کی جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ اُس میں رکھی ہوئی پوری رقم بھی غائب تھی۔
سمجھا جارہا ہے کہ چوروں نے نقلی چابی بناکر تالہ کھولا ہے اوراندر داخل ہوکر چوری کی واردات انجام دی ہے، پتہ چلا ہے کہ بیکری مالک کی اسکوٹر کی چابی کے ساتھ بیکری کی چابی بھی لگی رہتی ہے اور اُس کے دوست احباب اکثر اس کی اسکوٹر لے جاتے رہتے ہیں۔
چوری کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچی اورمعلومات حاصل کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بیکری مالک کے جان پہچان کے لوگوں میں سے ہی کسی کی یہ کارستانی ہوسکتی ہے۔
ٹاون پولس تھانہ میں چوری کی شکایت دی گئی ہے۔ پولس چھان بین کررہی ہے۔