بھٹکل:9؍مارچ (ایس اؤ نیوز ) بیلکے میں مصنوعی چٹانوں کی نصب کاری کا افتتاح کرنے کے دوران وزیر ماہی گیر منکال وئیدیا بغیر کسی سکیورٹی کے بحر عرب میں چھلانگ لگاتے ہوئے ہر ایک کو ششدر کردیا اور گہرےسمندرمیں تیراکی کے ذریعے مہم جو ہونےکامظاہرہ پیش کیا۔ وزیر موصوف کے اس اچانک رویہ سے افسران اور ماہی گیر حیران رہ گئے۔
سنیچر کو مصنوعی چٹانوں کی نصب کاری کا گہرےسمندر میں قریب 5ناٹیکل میل دوری پر افتتاحی پروگرام رکھاگیاتھا۔ وزیر موصوف کشتی کے ذریعے افسران اور ماہی گیروں کے ساتھ جائے وقوع پرپہنچ کر چٹانوں کو سمندر میں اتارا۔ اتنا ہونےکے بعد اخبارنویسوں ، ماہی گیروں اور افسران کے سامنے رہتے اچانک انہوں نے سمندرمیں چھلانگ لگائی اور تیرنا شروع کردیا۔ لہروں کی تھپیڑوں کےد رمیان وہ آدھے گھنٹے سے بھی زائد وقت تک سمندر میں تیرتےرہے اور تیراکی کے مختلف طریقوں کی نمائش کرتےرہے۔
وزیر موصوف کے ذریعے پیش کی گئی اس اچانک نمائش پر عوام کہہ رہے ہیں کہ ایک طویل عرصے کے بعد محکمہ ماہی گیر ی کو بہتر جاننےوالا وزیر ملا ہے، ماہی گیرکہہ رہے تھے کہ یہ صرف ماہی گیری ہی نہیں بلکہ پانی کی وسعت اور گہرائی کا بھی علم رکھتےہیں۔ماہی گیر لیڈر بھاسکر موگیر کا کہنا ہےکہ ماہی گیری وزارت کا قلم دان سنبھالنےکے بعد وزیر منکال وئیدیا نے جدید ٹیکنالوجی کااستعمال کرتےہوئے سمندری عوام یعنی ماہی گیروں کے لئے کئی طرح کی آسانیاں اورسہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ بحرعرب کی تیز موجوں کے درمیان وزیر موصوف کی تیراکی کی نمائش کو لےکر سوشل میڈیا پر بہت سارو ں نے بہتر کمنٹ درج کرتےہوئے پسندکیا ہے۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے بتایا کہ وہ ایک اچھے تیراک ہیں،بچپن میں ہم روزانہ سمندر میں تیراکی کرتے تھے، لیکن بعد میں تیرنے کا موقع نہیں ملا، آج کافی مدت بعد اچانک سمندر کے بیچوں بیچ موقع ملا تو سمندر میں کود گیا اور تیرنے کا خوب لطف اُٹھایا۔