بنگلورو آٹو رکشا ڈرائیورس فیڈریشن نے بھارت بند کی مخالفت کی ملک گیر ہڑتال کی تائید نہیں کی، آٹوسرویس جاری
بنگلورو،8؍جنوری(ایس او نیوز) مختلف مزدور یونین کی جانب سے دو دن بھارت بند کا اعلان کیاگیاہے۔ اس بند کے لئے آٹو رکشا ڈرائیورس یونین نے بھی تائید کا اعلان کیا ہے لیکن بنگلورو آٹو رکشا ڈرائیورس فیڈریشن نے بند کی تائید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
آج صبح پترا کرترا بھون احاطے میں فیڈریشن کے صدر ایم منجوناتھ کی زیر قیادت 25سے زائد آٹورکشا ڈرائیورس نے بند کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔
اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے منجوناتھ نے کہاکہ آٹو رکشا ڈرائیورس سال بھر کرایہ کا آٹو رکشا چلاتے ہوئے ایک آٹو رکشا کی خریدی کاخواب دیکھتے ہیں ۔ اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے کاموقع فراہم نہ ہونے والے ہڑتال کی وہ ہرگز تائید نہیں کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ 40سے 45 ہزار روپئے پرانے پرمٹ کے نام پر ڈرائیوروں سے وصول کررہے نجی فائنانس آر ٹی او دلال ،مافیا کی تائید کرنے والے چند آٹو رکشا یونین اپنے مفاد کے لئے بند کی تائید کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بند آٹو رکشا رائیورس کے خلاف ہے ۔ ایک سیاسی پارٹی کی تائید کرنے والے اے آر ڈی یو کے اعلان پر آٹو رکشا ڈرائیورس بند میں ہرگز حصہ نہیں لیں گے۔منجوناتھ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ اور وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے آٹو رکشا ڈرائیورس کے مسائل کو حل کرنے کے مقصد سے اجلاس طلب کرنے کا یقین دلایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل کے بندکی وہ مخالفت کرتے ہیں ۔
انہوں نے آٹورکشا ڈرائیوروں سے گزارش کی کہ وہ بند میں حصہ لئے بغیر حسب معمول اپنی خدمات جاری رکھیں ۔احتجاجی دھرنے میں مختلف آٹو رکشا ڈرائیورس یونین کے صدور، عبدالسبحان مشتاق، راجیو گاندھی آٹو ڈرائیورس ویدیکے کے صدر چندرشیکھر، احمد سجاد سیٹھ، ڈاکٹر سی سمپت ، جئے رام، جے ایس کمار، ٹی گوپال کرشنا، ایم وی کانت راج سمیت 25سے زائد فیڈریشن کے اراکین شریک تھے۔