بینگلورپولس پہنچی بھٹکل،ایک نوجوان کوکیا گرفتار؛ بینک اکاونٹ کی تفصیلات لے کرعوام کودیا جارہا ہے دھوکہ؛ عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 22nd December 2023, 8:08 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 21 ڈسمبر(ایس او نیوز) بینگلور کرائم برانچ پولس نے بھٹکل پہنچ کرایک نوجوان کوگرفتارکرلیا اوراُسے اپنے ساتھ بینگلور لے گئی۔ جس کو لے کر بھٹکل کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔ واردات بدھ کی شب کو پیش آئی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دو گاڑیوں پرسوارقریب سات سے آٹھ لوگ سادھے کپڑے میں اچانک مدینہ کالونی ایک مکان پر پہنچے اورایک نوجوان کو پکؕرکراپنی گاڑی پر بٹھاکر لے جانے کی کوشش کی، موقع پرموجود عوام نے یہ سمجھ کرکہ انجان لوگ نوجوان کو اغوا کرکے لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، دونوں گاڑیوں کو گھیرلیا اور نوجوان کو لے جانے سے روکنے کی کوشش کی،اس دوران سادھے کپڑے میں آئے لوگوں نے اپنی شناخت ظاہر کرتےہوئے بتایا کہ وہ پولس اہلکار ہیں اوربینگلورسے متعلقہ نوجوان کی گرفتاری کا وارنٹ لے کر آئے ہیں۔ جب گرفتاری کی وجہ دریافت کی گئی تو حیرت انگیز طور پر اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس نوجوان کے بینک اکاونٹ میں دھوکہ دہی کی رقم جمع ہورہی ہے اورکمیشن کی بنیاد پرنوجوان کا بینک اکاونٹ دوسرے لوگ استعمال کررہے ہیں۔

پتہ چلا ہے کہ بینگلور پولس نے پہلے اس نوجوان کو فون کرکے بینگلورپولس تھانہ بلایا تھا، پھر ای میل اور مسیج کے ذریعے بھی اسے بینگلور آنے کے لئے کہا گیا تھا، جب نوجوان نے پولس کو ریسپاونس نہیں دیا تو عدالت کی طرف سے اسے نوٹس جاری کی گئی  لیکن نوٹس جاری ہونے کے باوجود نوجوان نے ریسپاونس نہیں دیا تو عدالت نے اس کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا، جس کی بنیاد پر پولس نے اسے گرفتار کرلیا اور اپنے ساتھ بینگلور لے گئی۔

بتایا گیا ہے کہ کچھ لوگ عام اور بھولے بھالے لوگوں کو دس فیصد اور پندرہ فیصد کمیشن دینے کا لالج دے کراس بات پر راضی کرتے ہیں کہ اُنہیں اپنی بلیک منی کو وہائٹ کرنے کے لئے اُن کے نام کا بینک اکاونٹ بنانا ہے۔ یہ گینگ عام لوگوں سے اُن کا آدھار کارڈ اوربینک اکاونٹ کھولنے کے لئے ضروری دستاویزات حاصل کرتے ہیں، پھرخود اُن کے نام کا بینک اکاونٹ اوپن کرکے اُس کا بینک کارڈ اور دیگر چیزیں اپنے پاس رکھتے ہیں۔ پھرآن لائن فراڈ کے ذریعے یا دیگر غیرقانونی طریقوں سے رقومات کو اس طرح کے بینک اکاونٹ میں جمع کراتے ہیں۔ جیسے ہی دھوکہ دہی کی رقم متعلقہ  بینک اکاونٹ میں جمع ہوتی ہے، دو سے تین منٹ کے اندر اس رقم کو گینگ کے لوگ نکال لیتے ہیں۔ بینگلور پولس کے مطابق بھٹکل سے ہی پچاس سے زائد لوگوں نے اس طرح کی گینگ کے لئے اپنا بینک اکاونٹ کھول رکھا ہے،  اوراپنا بینک کارڈ اوردیگر دستاویزات گینگ کے حوالے کردیئے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ بھٹکل کی بعض خواتین بھی گھر بیٹھے آسانی سے ملنے والے کمیشن حاصل کرنے کے لالچ میں اپنے نام کا بینک اکاونٹ کھول کرعوام کو دھوکہ دینے والی گینگ کوغیرارادی طور پرتعاون کررہی ہیں۔

بتاتے چلیں کہ معاملہ سامنے آتے ہی بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی طرف سے ایک وائس مسیج وائرل کیا گیا تھا اورعوام کو ایسے دھوکہ بازوں کے جھانسے میں نہ آنے کی تاکید کی گئی تھی۔ اس تعلق سے فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ آسان کمائی اور بغیر محنت گھر بیٹھے کمائی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوششیں الگ الگ طریقوں سے جاری ہیں اور تعجب ہوتا ہے کہ حرام، حلال کی تمیز کئے بغیر لوگ دھوکہ دینے والوں کے جھانسے میں آجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  فیڈریشن کی طرف سے جاری کئے گئے وائرل مسیج کے بعد اُنہیں پچاس سے زائد فون کالس موصول ہوئے ہیں اور غیر ارادی طور پرکئی لوگوں کے پھنسنے کی بات معلوم ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تعلق سے فیڈریشن کی طرف سے ایسے لوگوں کی رہنمائی کی جارہی ہے۔

بھٹکل کے سماجی کارکن اورتنظیم کے رکن انتظامیہ امتیاز اُدیاور نےحیرت کا اظہار کیا کہ دس فیصد اور پندرہ فیصد کمیشن ملنے کے جھانسے میں آکرلوگ اپنا آٓدھارکارڈ اوردیگرکاغذات دھوکہ بازوں کے حوالے کرنے کے لئے تیارکیسے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں نے بھی انجانے میں اس طرح کا اکاونٹ اوپن کرکے دوسروں کو بینک کارڈ وغیرہ دے رکھا ہے، وہ فوری تنظیم یا فیڈریشن کے ذمہ داروں سے رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کریں۔

ایک نظر اس پر بھی

اترا کنڑ ا ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ہائی وے کام کو بروقت مکمل کرنے کی دی ہدایت؛ صرف 7.8 کلومیٹر کام باقی ہونے کا ہائی وے حکام نے کیا دعویٰ

 ضلع  اُترکنڑا  کی ڈپٹی کمشنر  گنگوبائی مانکر نے جب  ضلع سے گذرنے والے نیشنل ہائی وے فورلائن کے توسیعی کام  کو  بروقت مکمل کرنے  ہائی وے افسران کو  ہدایت دی تو افسران نے دعویٰ کیا کہ  ہائی وے کا صرف 7.8  کلومیٹر  کام ہی باقی رہ گیا ہے۔

بھٹکل: انجمن نور اسکول میں 19 مئی کو شروع ہورہا ہے آدھار کارڈ کیمپ؛ بھٹکل کے عوام اُٹھا سکتے ہیں فائدہ

بھٹکل کے چھ اسپورٹس سینٹروں پر مشتمل نور حلقہ کی جانب سے  مورخہ 19 مئی کو نورمسجد کے قریب واقع نور انجمن اسکول میں آدھار کارڈ کا میگا کیمپ منعقد کیا گیا ہے جہاں پہنچ کر  بھٹکل کے عوام  نیا  آدھار کارڈ بھی بنواسکتے ہیں، پرانے کارڈ کو درست کرنا ہے تو کرکشن بھی کرواسکتے ہیں، نام ...

چکمگلورو میں چلتی بس میں لگی آگ 

شیموگہ سے میسورو کی طرف جا رہی کے ایس آر ٹی سی کی آئیراوتی بس میں اچانک آگ لگنے سے پوری بس جل کر خاکستر ہوگئی ۔ ڈرائیور کی پھرتی اور مستعدی کی وجہ سے کسی بھی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔