ایرانی سال نو کا آغاز کورونا وائرس کی وبا کے سائے میں

Source: S.O. News Service | Published on 21st March 2020, 11:32 PM | عالمی خبریں |

تہران،21؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) فارسی کیلنڈر کے حساب سے اس بار نئے سال کا آغاز آج بیس مارچ سے ہوا ہے۔ سال کے اس پہلے روز یعنی،'' نوروز‘‘ کو مغربی ایشیاء، وسطی ایشیاء، قفقاذ، بلقان، افعانستان اور شمالی پاکستان کے کچھ علاقوں میں بہت ہی پُرجوش طریقے سے منایا جاتا ہے۔ نوروز کی سب سے زیادہ رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد ایران اور تاجکستان میں ہوتا ہے۔ ایران اس سال سیاسی انتشار کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کی پھیلائی ہوئی تباہیوں سے اتنے بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے کہ اس بار نوروز کے موقع پر پوری ایرانی قوم صدمے اور سوگ میں نظر آ رہی ہے۔ ایرانی رہنماؤں نے اپنے عوام کے نام نوروزکے پیغام میں حوصلے، ہمت اور خوش امیدی سے کام لینے کی درخواست کی ہے۔

ایرانی رہنماؤں کی حوصلہ افزائی: اسلامی جمہوریہ کے رہنما آیت اللہ خامنہ ای  نے نئے سال کے پیغام پر شمسی سال کی آمد کی مبارکباد دیتے ہوئے اسے ''پروڈکشن لیپ‘‘ کا سال قرار دیا۔ انہوں نے گزشتہ برس کو مشکل امتحانات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا  ''کوئی بھی قوم ان حالات میں خالص راحت اور خوشحالی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔‘‘ تاہم خا منہ ای نے زور دے کر کہا کہ نئے سال میں، معاشی پیداوار   میں دس گنا اضافہ ہونا چاہیے جس سے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑے گا۔

نوروز پیغام میں، خامنہ ای نے پچھلے سال کو ایران کے لیے 'پریشان کُن اورمشکلات‘ کا سال کہا۔ خامنہ ای کے بقول 2015 ء سے ایران پر عائد امریکی سخت ترین پابندیوں نے ملک اور عوام کو بے حد مشکلات سے دوچار کیا اس کے باوجود وہ نئے سال میں نئی امنگوں کو ابھرتا دیکھ رہے ہیں۔

نوروز موت کے سائے میں: ایرانی شمسی سال کا آغاز تمام دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے مہلک کورونا وائرس کے بحران سے ہوا ہے۔ ایران اس موذی وباؤ کے پھیلاؤ   سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً بیس ہزار ہو چُکی ہے۔ مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ بیس مارچ کو ایران میں مزید ایک سو پچاس کے قریب افراد کو کورونا وائرس نگل گیا۔ اس سطرح کووِڈ انیس سے ایران میں ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد چودہ سو تینتیس ہو چُکی ہے۔ جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ایرانی باشندوں کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا پیغام: دریں اثناء سال نو یا نوروز کے موقع پر ایرانی عوام کے نام اپنے مبارکبادی پیغام میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس امر پر زور دیا کہ ایرانی عوام کے لیے امریکا کی انسانی بنیادوں پر امداد کی پیشکش اب بھی جاری ہے۔ پومپیو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تحریر کیا، ''نوروز کا موقع دراصل اپنی فیملی اور اپنے بچوں کے ساتھ خدا کی عطا کردہ نعمتوں کو یاد کرنے اور ان سے لطف اندوز ہونے کا ہوتا ہے، سیر و تفریح کا، مگر بدقسمتی سے اس سال نوروز کے موقع پر کورونا وائرس نے متعدد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ان میں وہ ممالک بھی شامل ہیں جہاں ہر سال نوروز نہایت شوق سے منایا جاتا ہے۔‘‘ پومپیو نے ایسے تمام ممالک سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کی ٹوئیٹ: اُدھر اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک ٹوئیٹ پیغام میں ایرانی باشندوں کو اسرائیلی باشندوں کی طرف سے نوروز کی مبارکباد پیش کی گئی۔ ٹوئیٹ کا متن کچھ یوں تھا کہ '' اس بار نوروز کی خوشیاں گزشتہ تلخ، سوگوار اور درد سے بھرے سال میں ڈوب گئی ہیں۔ ہم آپ کو اس نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایرانی باشندوں کے لیے گزشتہ سال انتشار، سیاسی بحران، خون، ہلاکتیں، مظاہرے، اموات اور اقتصادی دباؤ کا سال تھا۔ ہماری تمنا ہے کہ نیا سال ایرانی باشندوں کے لیے دوستی، محبت، خوشحالی اور تاریکی دور کرتے ہوئے ایک آزادانہ ماحول میں خوش رہنے  کا سال ثابت ہو۔‘‘

اسرائیلی وزارت خارجہ کے اس پیغام میں ایران میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں اور اس وبا کے پھیلاؤ سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔