اسرائیل-حماس تنازع؛ امریکا میں 6 سالہ مسلمان بچے کا بہیمانہ قتل، ماں زخمی

Source: S.O. News Service | Published on 17th October 2023, 11:03 AM | عالمی خبریں |

واشنگٹن ، 17/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) امریکہ کی ریاست الینوائے میں ایک شخص پر نفرت پر مبنی جرم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس نے اسرائیل ۔ حماس تنازع کے ردعمل اور ان کے مذہب کی بنیاد پر 6 سالہ مسلمان بچے کو چاقو کے وار کر کے قتل اور اس کی ماں کو زخمی کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر فوجی طرز کے چاقو سے 7انچ (18سینٹی میٹر) بلیڈ سے 26بار وار کیا گیا۔

مزید بتایا کہ 32سالہ خاتون کو چاقو کے متعدد زخم آئے، اور توقع ہے کہ وہ ہفتے کے روز شکاگو سے تقریباً 64کلومیٹر (40میل) جنوب مغرب میں پلین فیلڈ ٹاؤن شپ میں ہونے والے حملے سے بچ جائیں گی۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ لڑکے کا تعلق فلسطینی مسلمان خاندان سے تھا، جو امریکہ میں وہی ڈھونڈنے آئے تھے جس کی تلاش ہم سب کو ہے اور وہ اچھی زندگی کا حصول، پُرامن ماحول میں عبادت اور سیکھنے کے مواقع ہیں۔

ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس بیہمانہ رویے کی امریکا میں کوئی گنجائش نہیں۔

شیرف کے دفتر نے بتایا کہ 71سالہ مشتبہ شخص جوزف زوبا پر فرسٹ ڈگری قتل، فرسٹ ڈگری قتل کی کوشش، نفرت پر مبنی جرائم اور مہلک ہتھیار کے استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

کاونٹی شیرف کے آفس نے بیان جاری کیا ہے کہ تفتیشی افسران نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ دونوں متاثرین پر بہیمانہ حملہ ان کے مسلمان ہونے اور اسرائیل-حماس کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

افسران کا کہنا ہے کہ جوزف زوبا جیل میں ہے اور وہ کورٹ ٹرائل میں اپنی پیشی کا انتظار کر رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اب تک تفتیشی افسران کے سامنے کوئی بیان قلمبند نہیں کروایا ہے لیکن پولیس نے ملزم پر الزامات انٹرویوز اور شواہد کی بنیاد پر عائد کیے ہیں۔

مزید بتایا کہ جب پولیس جائے واردات پر پہنچی تو جوزف زوبا گھر کے باہر گراؤنڈ پر بیٹھا ہوا تھا اور اس کے ماتھے پر چوٹ کا نشان تھا جبکہ دونوں متاثرین کمرے میں تھے۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ خاتون نے اپنے مالک مکان کے اس پر حملہ کرنے کے دوران911 پر کال کی، جس کا نام شیرف آفس نے زوبا بتایا ہے۔

شیرف کے بیان کے مطابق تفتیشی افسران نے دونوں متاثرین کو گھر کے اندر کمرے میں پایا، دونوں متاثرین کو ان کے سینے، دھڑ اور جسم کے اوپری اعضا پر زخم آئے تھے۔

بیان کے مطابق ایک فوجی طرز کا 7 انچ بلیڈ والا چاقو بچے کے پیٹ سے نکالا گیا، جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزم زوبا گھر کے باہر ڈرائیو وے کے قریب گراؤنڈ پر بیٹھا ہوا تھا اور اس کا سر زخمی تھا، ملزم کو پہلے ہسپتال منتقل کیا گیا اس کے بعد اس پر فرسٹ ڈگری قتل، فرسٹ ڈگری قتل کرنے کی کوشش اور نفرت پر مبنی جرم کے الزامات عائد کیے گئے۔

کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز شکاگو آفس (سی اے آئی آر) کے سربراہ احمد رہاب نے متاثرہ خاتون کے ہسپتال سے کیے گئے بچے کے والد کو میسجز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے متاثرہ خاندان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور خاتون کو گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے کہا کہ تم مسلمانوں کو مرنا ہوگا، سی اے آئی آر نے بچے کی شناخت وادیا الفیومے اور اس کی والدہ کی ہانان شاہین کے نام سے کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر سی اے آئی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا سیاستدانوں، میڈیا اور سوشل میڈیا کی طرف سے اسلام کے خلاف چلایا جانے والا بیانیہ اور فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل پرستی کو روکنا ہوگا۔

ڈائریکٹر ایف بی آئی کرسٹوفر رے نے بھی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر انٹرنیشل ایسوسی ایشن آف چیف آف پولیس کانفرنس کے موقع پر محتاط رہنے کا انتباہ کیا ہے۔

ایف بی آئی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے اتوار کے روز سین ڈیاگو میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں کہا کہ اس کشیدہ ماحول میں اس بات میں کوئی سوال نہیں ہے کہ ہم رپورٹ شدہ خطرات میں اضافہ دیکھ رہے ہیں، اور ہمیں خاص طور پر تنہا اداکاروں کے لیے تلاش میں رہنا ہوگا، جو حالیہ واقعات سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔