مغربی بنگال:روزگار میں مسلمانوں کیلئے 10% ریزرویشن لیکن کرناٹک میں؟ ماڈرن مدارس میں 50فیصد اساتذہ غیر مسلم ہیں: عبدالعظیم
بنگلورو ، 24؍ستمبر(ایس او نیوز) کرناٹک اسٹیٹ مائنارٹیز کمیشن کے چیرمین عبدالعظیم نے آج کولکتہ میں مغربی بنگال کے وزیراقلیتی بہبود غلام ربانی سے ملاقات کرکے دونوں ریاستوں کی اقلیتی بہبود اسکیموں پر تبادلہ خیال کیا۔اس گفتگو کے دوران مغربی بنگال کے وزیراقلیتی بہبود نے ان کے محکمہ کے ماتحت آنے والے مختلف محکموں اور شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے ان شعبوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایاکہ ان کی حکومت نے سرکاری محکموں کی ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے 10فیصد ریزرویشن مقرر کررکھا ہے جبکہ تعلیم میں مسلم اقلیت کیلئے 17فیصد ریزرویشن مقرر کیا ہے۔حکومت مغربی بنگال کے زیر انتظامیہ چند مدارس کا بھی آج عبدالعظیم نے معائنہ کیا تو انہوں نے دیکھا کہ ان مدارس میں ایس سی / ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبا بھی مسلم طلبا کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ان مدارس کے 50 فیصد اساتذہ کا تعلق غیر مسلم طبقات سے ہے اور یہ سب اچھی تنخواہ پارہے ہیں۔ مغربی بنگال میں دو قسم کے مدرسے ہیں۔ایک ماڈرن مدرسے جن میں جنرل ایجوکیشن اور عربی اور اسلام پر تین خصوصی موضوعات پڑھائے جاتے ہیں۔ دوسری قسم کے مدرسوں میں قرآن، فقہ اوراحادیث پڑھائے جاتے ہیں۔کیا کرناٹک مائنارٹی کمیشن کے چیرمین ریاست کرناٹک میں بھی مغربی بنگال کی طرز پراقلیتوں کی اسکیموں کو نافذ کروانے حکومت سے نمائندگی کریں گے؟