بنگلورو ، 17/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں ارکان کے سوالات کے مناسب جواب نہ ملنے پر اسپیکر یوٹی قادر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کے روز اسمبلی کی کارروائی ملتوی کر دی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران تحریری سوالات کے مرحلے میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی۔ پرمیشور نے بتایا کہ موصول ہونے والے 230 تحریری سوالات میں سے صرف 84 سوالات کے جوابات پیش کیے جا سکے ہیں۔
اس صورتحال پر اپوزیشن لیڈر آر۔ اشوک نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حساب سے یہ شرح 50 فیصد تک بھی نہیں پہنچتی۔آر۔ اشوک نے کہا کہ اس معاملے پر اس سے قبل بھی حکومت کو چار مرتبہ انتباہ دیا جا چکا ہے، لیکن اس کے باوجود کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ افسران روزانہ ایوان میں آ کر ایسے بیٹھتے ہیں جیسے دیوتا ہوں اور پھر اسی طرح اٹھ کر چلے جاتے ہیں۔
اس موقع پر اسپیکر یو۔ٹی۔ قادر نے کہا کہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔انہوں نے حکومتی بنچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس وزراء کے لیے نہیں بلکہ منتخب ارکان کے لیے ہوتا ہے۔وزراء کسی بھی وقت مباحثہ کر سکتے ہیں، مگر ارکان تین ماہ میں ایک بار ایوان میں آ کر اپنے حلقوں کے مسائل پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متعدد بار انتباہ کے باوجود صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔اگر یہی طرز عمل جاری رہا تو ایوان کو اطمینان بخش طریقے سے چلانا ممکن نہیں ہوگا۔
اسپیکر نے واضح کیا کہ جب تک متعلقہ وزراء اور سیکریٹریز اس معاملے کی وضاحت نہیں کرتے، تب تک وہ ایوان کی کارروائی جاری نہیں رکھیں گے۔بعد ازاں انہوں نے اسمبلی اجلاس کو ملتوی کر دیا۔